پی ٹی آئی نے عائشہ گلا لئی کے خلاف ریفرنس میں مزید دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں

منگل 26 ستمبر 2017 14:59

پی ٹی آئی نے عائشہ گلا لئی کے خلاف ریفرنس میں مزید دستاویزات الیکشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلا لئی کے خلاف ریفرنس میں مزید دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں، عائشہ گلالئی کے وکیل کا کہنا ہے کہ لگتا ہے بنی گالہ میں ثبوتوں کی فیکٹری لگ گئی ہے۔منگل کو چیف الیکشن کمشنر سرداررضا کی سربراہی میں فل بینچ نے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس پرسماعت کی ، عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور نے بتایا کہ عائشہ گلالئی کے جواب پر پی ٹی آئی نے مزید دستاویزات جمع کرائی ہیں، ہم نئی دستاویزات کے مطابق اپنا جواب جمع کرائیں گے۔

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنرنے پی ٹی آئی کے وکیل سکندر بشیر سے استفسار کیا کہ یہ دستاویزات اسپیکر قومی اسمبلی کی بجائے الیکشن کمیشن میں کیوں جمع کرائی گئی ہیں، جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ مذکورہ دستاویزات قومی اسمبلی میں بھی جمع کرائی جاچکی ہیں ، جس پر الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے وکیل کی جانب سے دستاویزات پرجواب جمع کرانے کے لئے مہلت کی استدعا پرسماعت چار اکتوبر تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کے وکیل نے کہا کہ میری موکل کی جانب سے تفصیلی جواب دیکھتے ہی بنی گالہ کی فیکڑی سے ثبوت نکلنے لگتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ آئندہ سماعت پر ان ثبوتوں پر بحث کی جائے گی، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایسا نہ ہوں کہ اس موقع پر بنی گالہ کی فیکڑی سے مزید ثبوت نہ نکل آئیں۔