نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی

بجلی نرخوں میں کمی کا اطلاق کراچی کے صارفین پر نہیں ہوگا ، 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین بھی اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے

منگل 26 ستمبر 2017 14:59

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی، بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق کراچی کے صارفین پر نہیں ہوگا جب کہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھروں اور زرعی صارفین بھی اس فیصلے سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ماہ اگست کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخوست پر نیپرا میں سماعت ہوئی جس میں سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 80 پیسے کمی کی درخواست کی تھی۔

سی پی پی اے نے بتایا کہ اگست میں کل 12 ارب 75 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی اور بجلی پر کل لاگت 57 ارب روپے سے زیادہ رہی۔نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 82 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے جس سے عوام کو تقریبا ساڑھے 22 ارب روپے کا ریلیف مل سکے گا جو آئندہ بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔تاہم نیپرا کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق کراچی کے صارفین پر نہیں ہوگا جب کہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھروں اور زرعی صارفین بھی اس فیصلے سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :