حماس انتظامیہ تحلیل ہونے کے بعدفلسطینی حکومت نے غزہ پٹی کا چارج سنبھال لیا

حکومت اپنا ہفتہ وار اجلاس آئندہ ہفتے کے بیچ میں غزہ پٹی میں منعقد کرے گی،ترجمان فلسطینی انتظامیہ

منگل 26 ستمبر 2017 14:42

حماس انتظامیہ تحلیل ہونے کے بعدفلسطینی حکومت نے غزہ پٹی کا چارج سنبھال ..
مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) فلسطینی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور شہری امور کی کمیٹی کے سربراہ فلسطینی وزیر حسین الشیخ نے بتایا ہے کہ صدر محمود عباس کی ہدایت پر حکومت اپنی تمام وزارتوں اور باڈیز کے ساتھ پیر کے روز غزہ پٹی کا رخ کر رہی ہے۔سرکاری خبر رساں ایجسنی کے مطابق الشیخ نے بتایا کہ فلسطینی حکومت قاہرہ میں طے پائے جانے والے معاہدے پر فوری عمل درامد شروع کرے گی تا کہ قومی وفاقی حکومت نظام اور قانون کے مطابق اپنی معمول کی ذمے داریاں انجام دے سکے۔

فلسطینی تنظیم حماس نے 17 ستمبر کو غزہ پٹی میں اپنی انتظامی کمیٹی کو تحلیل کرنے اور عام انتخابات کرانے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی فتح تحریک کے ساتھ طویل عرصے سے جاری اختلاف بھی اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

حماس نے کہا تھا کہ وہ قومی وفاقی حکومت کو غزہ پٹی میں اپنی ذمے داریاں پوری کرنے کی اجازت دے گی۔دوسری جانب قومی وفاقی حکومت کے سرکاری ترجمان یوسف المحمود کا کہنا تھا کہ فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے صدر محمود عباس کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ حکومت اپنا ہفتہ وار اجلاس آئندہ ہفتے کے بیچ میں غزہ پٹی میں منعقد کرے گی۔ فلسطینی وزیراعظم اپنے وزراء کے ساتھ پیر کے روز غزہ پٹی پہنچ گئے جہاں وہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :