ٹماٹر اور پیاز کا بحران آئندہ چند دنوں میں ختم ہوجائے گا، سکندر حیات بوسن

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فیڈرل فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی کی تشکیل کی منظوری دی ہے، بلوچستان کی فضل بھی تیار ہونے والی ہے ، وزیر خوراک

منگل 26 ستمبر 2017 13:36

ٹماٹر اور پیاز کا بحران آئندہ چند دنوں میں ختم ہوجائے گا، سکندر حیات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے خوراک سکندر حیات بوسن کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری ٹماٹر اور پیاز کا بحران آئندہ چند دنوں میں ختم ہوجائے گا، کیونکہ بلوچستان میں ان کی فصلیں تیار ہونے والی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ہندوستان سے سبزیاں درآمد نہیں کرے گی۔ لاہور میں واقع فورمین کرسچیئن کالج میں ایک سیمینار میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فیڈرل فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔

سکندر حیات بوسن کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو ان کی مالی حالت میں بہتری کے لیے پیکجز دیے گئے ہیں اور ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ملک کی معیشت میں بہتری کے لیے بائیو ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 300 روپے تک جاپہنچی ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کچھ اسی قسم کی ہی صورتحال ہے۔

گذشتہ ہفتے کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں 200 روپے کلو تک پہنچ گئی تھیں مگر سپلائی میں بہتری کی وجہ سے اس کی قیمتیں اب 150 روپے سے 200 روپے کلو تک آگئی ہیں جبکہ پیاز بھی 60 سے 80 روپے میں فروخت ہورہے ہیں۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتیں مرغی کے گوشت کی قیمتوں سے بھی بڑھ گئی ہیں جبکہ حکومت کا قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں ہے جس کی وجہ سے ان میں اضافہ ہورہا ہے۔۔