پارٹی صدر کا انتخاب نہ کرنے پر مسلم لیگ (ن) کو نوٹس جاری

الیکشن کمیشن نے پارٹی کے نائب صدر احسن اقبال سے 3 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا

منگل 26 ستمبر 2017 13:29

پارٹی صدر کا انتخاب نہ کرنے پر مسلم لیگ (ن) کو نوٹس جاری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) الیکشن کمیشن نے پارٹی صدر کا انتخاب نہ کرنے پر مسلم لیگ (ن) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی کے نائب صدر احسن اقبال سے 3اکتوبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔ قانون کے مطابق نواز شریف کے پارٹی صدر کا عہدہ چھوڑنے کے 45 دن کے اندر مسلم لیگ (ن) نے نئے صدر کاانتخاب کرکے الیکشن کمیشن کوآگاہ کرنا تھا ، یہ مدت 11ستمبر کو پوری ہو گئی تھی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے سپریم کورٹ سے پاناما کیس میں نا اہلی کے بعد پارٹی کی صدارت چھوڑنے کے بعد الیکشن کمیشن نے 8 اگست کو بذریعہ نوٹس (ن) لیگ کو پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کی ہدایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن )کے نائب صدر احسن اقبال کو ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 3 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کردیا۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تین اکتوبر کو پارٹی صدر کے انتخاب کے معاملے کی سماعت کرے گا۔واضح رہے کہ 17 اگست کو مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران پارٹی کے قائم مقام صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے چیرمین راجا ظفرالحق نے قائم مقام صدر کے لئے سردار یعقوب نصر کا نام پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔

متعلقہ عنوان :