خواتین کو صحافت کے شعبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے،رافعہ اکرام

کے آئی یو میں زیرتعلیم اور فارغ التحصیل طلباء سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں،عبدالرحمن بخاری

منگل 26 ستمبر 2017 13:26

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء)معروف صحافی رافعہ ناہید اکرام ،ماہر تعلیم پروفیسر قاضی اکرام بشیر اور معروف صحافی عبدالرحمن بخاری نے قراقرم انٹرنیشنل یو نیورسٹی(کے آئی یو) کا دورہ کیا۔ انہوںنے پبلک ریلیشنز آفس اور شعبہ میڈیا کمیونیکشن کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر شعبہ کے فیکلٹی ممبر شمس الرحمن پارس نے ڈیپارٹمنٹ میں جاری سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔

رافعہ ناہید اکرام نے میڈیا کمیونیکشن کے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ یہاں مرد و خواتین کو تعلیم کے حصول کیلئے یکساں ماحول میسرہے اور خواتین کی یہاں ہر شعبہ میں حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ، جو نہایت مثبت روایت ہے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کو میڈیا کے شعبے میں آگے آنا چاہئے۔

(جاری ہے)

اس شعبے میں خواتین کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے آئی یوکا شعبہ میڈیا یہاں کے طلباء کیلئے نرسری کی حیثیت رکھتا ہے۔ امید ہے یہاں سے فارغ التحصیل طلباء عملی صحافت میں اپنا نام پیدا کریںگے۔ عبدالرحمن بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت کے شعبے میں مقام اور نام بنانے کیلئے ڈگری کے ساتھ ساتھ شوق و جذبہ کی بھی ضرورت ہے۔ انھوںنے کہا کہ صحافت کے شعبے کو اپنانے کے بعد ابتدائی طور پر مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے تاہم قلم مضبوط ہو تو مسائل خودبخود حل ہوسکتے ہیں۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ماہر تعلیم پروفیسر قاضی اکرام بشیر نے کہا کہ کے آئی یو کے طلباء میں لیڈرشپ کی صلاحیت موجود ہے۔وہ اپنے مسائل کا برملا اظہار کرتے ہیں۔ امید ہے یہاں کے طلباء مستقبل میں بھی ملکی و غیر ملکی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے ۔