محمد نواز شریف انصاف کی امید پر احتساب عدالت میں پیش ہو رہے ہیں،

پاناما پیپزر کی آڑ میں اقامہ کی بنیاد پر نواز شریف کو سزا دی گئی، سیاسی بونوں کے ارمان کبھی پورے نہیں ہوں گے، عام انتخابات 2018ء میں مقررہ وقت پر ہی ہوں گے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

منگل 26 ستمبر 2017 13:21

محمد نواز شریف انصاف کی امید پر احتساب عدالت میں پیش ہو رہے ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف انصاف کی امید پر احتساب عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔ منگل کو سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ احتساب عدالت میں پیش ہوکر محمدنواز شریف نے آئین اورقانون کیلئے احترام کا عملی مظاہرہ کیاہے اور ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ انصاف ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اگر ہم گزشتہ سماعتوں کا مشاہدہ کریں تو یہ بات واضح ہے کہ پانامہ پیپزرکی آڑ میں اقامہ کی بنیاد پر نوازشریف کو سزاء دی گئی، سابق وزیراعظم کو کاغذ کے ایک ٹکڑے کی بنیاد پر سزاء دی گئی ہے جو عام طورپرلوگ رکھتے ہیں۔وزیر مملکت نے کہاکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کے وقار کو بلند کرنے کی کوشش کی ہے، آج احتساب عدالت میں پیشی اس بات کا بین ثبوت ہے، نوازشریف قانون کی پاسداری کررہے ہیں اورانہیں امید ہے کہ ان کے ساتھ انصاف ہوگا۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے محمد نوازشریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سڑکوں کو بند کرنے کی اطلاعات کو مسترد کیا اورکہاکہ تمام سڑکیں کھلی ہیں اوران پر معمول کی آمد ورفت جاری ہے۔انہوں نے پیشی کے موقع پر کارکنوں کواحتجاج کی کال دینے کی بھی تردید کی اورکہاکہ ہوسکتاہے کہ بعض لوگ اپنے قائد کا استقبال کرنے اورانہیں دیکھنے کیلئے وہاں آئے ہوں، طلال چوہدری نے کہاکہ محمد نوازشریف بدستورپارٹی کے قائد رہیں گے اوروہ دن آئے گا جب وہ دوبارہ عوامی تائید سے وزیراعظم بنیں گے۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے سوال پر انہوں نے کہاکہ سیاسی بونوں کے ارمان کبھی پورے نہیں ہوں گے اورعام انتخابات2018 ء میں مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ بعض سیاسی مداری نوازشریف کی واپسی پر صدمے میں ہیں ، نوازشریف عدالتوں کا احترام جاری رکھیں گے اورکوئی بھی انہیں عوام کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتا۔