مسلم لیگ( ن) کو پارٹی صدر کا انتخاب نہ ہونے پر نوٹس

نائب صدر احسن اقبال کو ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے جواب جمع کرانے کی ہدایت

منگل 26 ستمبر 2017 12:56

مسلم لیگ( ن) کو پارٹی صدر کا انتخاب نہ ہونے پر نوٹس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) الیکشن کمیشن نے مقررہ مدت میں پارٹی صدر کا انتخاب نہ کئے جانے پر مسلم لیگ( ن) کو نوٹس جاری کردیا، لیگ ن کے نائب صدر احسن اقبال کو ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے جواب جمع کرانے کی ہدایت۔ تفصیلات کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ سے پاناما کیس میں نااہلی کے بعد پارٹی کی صدارت چھوڑ دی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 8 اگست کو بذریعہ نوٹس ن لیگ کو پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کی ہدایت کی تھی۔

مسلم لیگ (ن)کو پارٹی کے صدر کا انتخاب 45 روز کے اندر کرنا تھا تاہم مقررہ مدت کو مکمل ہوئے ایک ہفتہ گزر گیا جس کے باوجود ن لیگ صدر کا انتخاب نہ کرسکی۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے نائب صدر احسن اقبال کو ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 3 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کردیا۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ن)سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تین اکتوبر کو پارٹی صدر کے انتخاب کے معاملے کی سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ 17 اگست کو مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران پارٹی کے قائم مقام صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔مسلم لیگ (ن)کے چیرمین راجا ظفرالحق نے قائم مقام صدر کے لئے سردار یعقوب نصر کا نام پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔

متعلقہ عنوان :