سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف احتساب عدالت میں پیش،

فرد جرم کیلئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر حسن، حسین، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ جاری، 2 اکتوبر کو پھر طلبی

منگل 26 ستمبر 2017 11:28

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف احتساب عدالت میں پیش،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف منگل کو احتساب عدالت میں پیش ہو گئے، عدالت نے نیب کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش ہوئے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں اورکارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، ریفرنسز کی سماعت کے آغاز میں ہی کمرہ عدالت کھچا کھچ بھر گیا، فاضل جج نے سابق وزیراعظم کو حاضری لگانے کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی جس کے بعد نواز شریف پنجاب ہاؤس واپس پہنچ گئے، احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم، حسن، حسین ، مریم نواز اورکیپٹن (ر) محمد صفدر کو منگل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، دوران سماعت سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی اور عدالت سے استدعا کی کہ ان کی اہلیہ لندن میں زیرعلاج ہیں اس لئے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے سابق وزیراعظم پر نیب کے تین ریفرنسز میں فرد جرم کے لئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فرد جرم کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔عدالت نے حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی عدم پیشی پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے اور 2 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیا۔ واضع رہے سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔

متعلقہ عنوان :