پورے پاناما کیس میں نواز شریف نے اپنی بے گناہی کے لیے کوئی دستاویز نہیں دی ،شیخ رشید

اب بھی پورا موقع ہے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویز لے آئیں نواز شریف کو صفائی پیش کرنے کا پورا موقع ملنا چاہئیے اسی کا نام انصاف ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 25 ستمبر 2017 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پورے پاناما کیس میں نواز شریف نے اپنی بے گناہی کے لیے کوئی دستاویز نہیں دی ، اب بھی ان کے پاس پورا موقع ہے کہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویز لے آئیں ، نواز شریف کو صفائی پیش کرنے کا پورا موقع ملنا چاہئیے اسی کا نام انصاف ہے ۔

پیر کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاناما کیس میں نوازشریف 126دن میں دستاویزات دے سکتے تھے ،نہیں دیں،نوازشریف کے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں، ، اب بھی ان کے پاس پورا موقع ہے کہ اپنے بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویز لے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف واپس نہ آتے تو جائیدادیں قرق ہوجاتیں، نواز شریف اپنی جائیداد بچانے کے لیے ملک واپس آئے ہیں ، شریف خاندان لندن کا فلیٹ بیچنے جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا سے کسی ملک سے کوئی بیان نہیں آیا کہ نواز شریف کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے ، سپریم کورٹ کے جن پانچ ججز نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا ان میں سے تین مستقبل کے چیف جسٹس ہیں ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف کو صفائی کا مکمل حق ملنا چاہیے اسی کانام انصاف ہے، قطر ایل این جی معاہدے کا ایک کاغذ نہیں دے رہے،این اے 120 کو ٹیسٹ کیس بنانے والے عقل کے اندھے ہیں، عمران خان نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ اس لیے کیا کہ کہیں جھاڑو نہ پھر جائے ، عمران خان نے درست مطالبہ کیا ہے ۔