سیدخورشید احمد شاہ نے ڈی سی سکھر سیکریٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

پیر 25 ستمبر 2017 23:23

سیدخورشید احمد شاہ نے ڈی سی سکھر سیکریٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
سکھر۔25ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء)قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاھ نے ڈی سی آفس سکھر میں تقریباٴْ 650ملین کی لاگت سے ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو، ایس ایس پی سکھر امجد حسین شیخ اور دیگر متعلقہ افسران اور معززین موجود تھے۔ اس موقع پر خورشید احمد شاہ نے پراونشل بلڈنگس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افسران سے اجلاس کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈی سی سیکریٹریٹ کے کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور انٹری گیٹ کو شاہکار بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسکیم کو منظور شدہ ڈزائن کے مطابق وقت پر مکمل کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور کام کی نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا جائے۔ خورشید احمد شاہ کو بتایا گیا کہ نئے ڈی سی سیکریٹریٹ میں بیسمنٹ، گرائونڈ اور فرسٹ فلور تیار کیئے جائینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاھ نے صالح پٹ میں اسستنٹ کمشنر آفس کی تعمیر کیلئے اپنی ایک ایکڑ زمین کے کاغذات ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو کے حوالے کیے۔

انہوں نے ڈی سی سکھر اور اسسٹنٹ کمشنر صالح پٹ کو ہدایت کی کہ صالح پٹ اور آسپاس میں 200ایکڑ سے زائد سرکاری زمین پر لوگوں کی جانب سے ناجائز قبضے کیے گئے ہیں، جو خالی کروائے جائیں اور جعلی الاٹمنٹس بھی ختم کی جائیں۔ بعد ازاں اپوزیشن لیڈر خورشید احمد شاھ نے سکھر پولیس کی جانب سے واپس کروائی گئی ڈکیتی کی رقم متاثر تاجر الطاف میمن کے حوالے کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سکھر میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے اور پولیس کی کارکردگی بہتر ہے چھینی گئے رقمیں لوگوں کو واپس ہو رہی ہیں، جبکہ مجرموں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے محرم کی سکیورٹی کے حوالے سے کہا کہ 5محرم کے جلوس کی نگرانی کیلئے پرانے سکھر، روہڑی کے جلوسوں کیلئے روہڑی اور 10محرم کے جلوس کیلئے سکھر اے سیکشن میں علیحدہ علیحدہ کنٹرول رومز قائم کیئے گئے ہیں، جہاں پر مقامی سطح پر مانیٹرنگ اور سکیورٹی کی جائیگی۔