سیالکوٹ، حضرت امام صاحب ؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کل سے شروع ہوں گی

پیر 25 ستمبر 2017 22:54

سیالکوٹ ۔25ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء)برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشواء حضرت سیدنا امام علی الحق شہید المعروف حضرت امام صاحب ؒ کے سالانہ 4روزہ عرس تقریبات زیر نگرانی محکمہ اوقاف و مذہبی امور کمیٹی(کل 5محرم الحرام) سے سیالکوٹ دربار حضرت امام صاحب ؒشروع ہوں گی جو 8محرم الحرام تک جاری رہینگی۔چیئرمین مذہبی امور کمیٹی دربار عالیہ حضرت امام صاحب ؒ ملک مبشر حسین نے بتایا ہے کہ آج 5محرم الحرام غسل مبارک ہوگا جس میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ،صوبائی وزیر بلدیات پنجاب منشاء اللہ بٹ ،سابق وزیر مذہبی امور حکومت آزاد جموں و کشمیر صاحبزادہ حامد رضا،میئر سیالکوٹ چوہدری توحید اختر ،ڈپٹی میئر چوہدری بشیر ،محمد اکرام ممبر پنجاب اسمبلی ودیگرمہمانان خصوصی ہونگے۔

(جاری ہے)

6محرم الحرام بروز بدھ چادر پوشی و محفل سماع،7محرم الحرام جمعرات بعد نماز عشاء گرائونڈ حضرت امام صاحبؒزیرصدار ت صاحبزادہ حامد رضااصلاحی تبلیغی نشست ہوگی جس میں پیر سید عارف بہائوالحق شاہ، علامہ غلام حیدر خادمی ،ملک سرفراز پپ ،الحاج محمد رشید،چوہدری ارشد واڑائچ ممبر پنجاب اسمبلی مہمانان خصوصی ہونگے ،نقابت علامہ غلام محی الدین ،تلاوت کلام پاک قاری فقیر محمد مسعودی ،ہدیہ نعت ڈاکٹر ناصر علی قادری ،لیاقت علی لیاقت جبکہ خصوصی خطاب ممتاز عالم دین علامہ ڈاکٹر مفتی محمد اشرف آصف جلالی کا ہوگا۔

اختتامی دعائیہ نشست 8محرم الحرام جمعتہ المبارک بعد نماز عشاء منعقد ہوگی جس میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ توحید آباد شریف پیر سید فرخ شاہ کوہاٹی ،سجادہ نشین منڈیر شریف سیداں پیر سید محمد مبارک علی شاہ گیلانی ،سجادہ نشین وینس شریف پیر سید زین العابدین ،پیر سید منور حسین شاہ اور سید چن پیر مہمانان خصوصی ہونگے ،تلاوت کلام پاک قاری حبیب اللہ چشتی ،ہدیہ نعت عابد علی معصومی ،حافظ نورسلطان ،قاری شاہد محمود ،احمد رضا جماعتی اور شکیل اشرف چیمہ جبکہ خصوصی خطاب مذہبی سکالر علامہ حافظ محمد عمران آسی کا ہوگا۔