ملک میں بدامنی ، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور غربت کی وجہ عوام ڈاکواور چور وں کو منتخب کر کے اسمبلیوں کو بھیجتے ہیں،عنایت اللہ خان

اسمبلیوں کے اندر امانت دار اور دیانت دار قیادت ہوگی تو ملک میں خوشحالی، ترقی اور امن ہوگا ،جماعت اسلامی ملک میں بے لاگ احتساب چاہتی ہے،سینئر صوبائی وزیر بلدیات

پیر 25 ستمبر 2017 22:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2017ء) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں بدامنی ، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور غربت اس وجہ سے ہے کہ عوام ڈاکواور چور وں کو منتخب کر کے اسمبلیوں کو بھیجتے ہیں اگر اسمبلیوں کے اندر امانت دار اور دیانت دار قیادت ہوگی تو ملک میں خوشحالی، ترقی اور امن ہوگا ۔

ملک پر گزشتہ 70 برس سے جو لو گ مسلط ہیں وہ ملکی دولت لوٹ کر باہر کے بنیکوں میں جمع کراتے ہیں ۔ جماعت اسلامی ملک میں بے لاگ احتساب چاہتی ہے ۔ ملک میں صرف جماعت اسلامی جمہور ی جماعت ہے جس کی قیادت منتخب ہو کر آتی ہے ۔ جماعت اسلامی ملک کے نظریہ اور جغرافیہ دونوں کی محافظ جماعت ہے ۔ جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا کے لیے 2018 وژن تیار کیا ہے جس میں انقلابی تعلیمی نظام ، صحت کا بہترین نظام اور چھوٹے ڈیموں کی تعمیر شامل ہے ۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کے عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیا ہے اس بار جماعت اسلامی پر اعتماد کر کے دیکھ لیں جماعت اسلامی قوم کو مایو س نہیں کرے گی ۔ وہ جہانگیرہ صوابی میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین مولانا اعتبار خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اجتماع سے امیر جماعت اسلا می ضلع صوابی محمود الحسن ، بریگیڈیئر (ر)ڈاکٹر لیاقت علی ، منتخب ڈسٹرکٹ و تحصیل کونسلرز اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے صوبے کے مستقبل کے لیے خوبصورت خاکہ تیار کیا ہے اور صوبے کی ترقی کی کنجی جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں وسائل کی کمی نہیں ہے لیکن دیانت دار قیادت کی فقدان کی وجہ سے ان وسائل سے استفادہ حاصل نہیں کیا گیا ۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔