سابق وزیراعظم محمد نواز شریف (کل) نیب عدالت میں پیش ہوں گے، ڈاکٹر آصف کرمانی

پیر 25 ستمبر 2017 22:44

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف (کل) نیب عدالت میں پیش ہوں گے، ڈاکٹر آصف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کل نیب عدالت میں پیش ہوں گے جس کے بعد وہ میڈیا سے بات چیت بھی کریں گے۔ پیر کو پنجاب ہائوس کے باہر میڈیا سے مختصر بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف لندن سے وطن واپس پہنچنے کے بعد اپنے رفقاء کے ساتھ ملے ہیں، ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف قانونی ماہرین اور مشیروں سے بھی قانونی امور پر مشاورت کریں گے۔ عمران خان کے بیان کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر سنجیدہ اور سیاسی بلوغت سے عاری ہیں، ان کی بات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم کے پاکستان میں قیام کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جتنی دیر وہ ملک میں رہیں گے ذرائع ابلاغ کے علم میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی پارٹی قیادت کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی مجلس عاملہ اور جنرل کونسل کرے گی۔ خاندانی اختلافات کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف خاندان محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد تھا، ہے اور رہے گا، یہ مخالفین کی خواہش ہی ہو سکتی ہے ہم اس تاثر کو مسترد کرتے ہیں ۔