سی پیک پاکستان میں صنعتی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اہم پلیٹ فارم ہے،

پاکستان کی معیشت بحالی کے عمل سے گزر کر ٹیک آف پوزیشن پر آ چکی ہے، وزیر داخلہ احسن اقبال

پیر 25 ستمبر 2017 22:44

سی پیک پاکستان میں صنعتی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اہم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان میں صنعتی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی تعارف کرانے اہم پلیٹ فارم ہے، پاکستان کی معیشت بحالی کے عمل سے گزر کر ٹیک آف پوزیشن پر آ چکی ہے، گذشتہ سال 5.3 فیصد شرح ترقی حاصل کی گئی جو پچھلے 10 سالوں میں بلند ترین ہے، اس سال 6 فیصد کی شرح حاصل کرنے کا ٹارگٹ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے شہر شین ژن میں ہواوے کمپنی کے صدر اور سینئر مینجمنٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، پاکستان کے پاس انتہائی ہنرمند اور باصلاحیت نوجوان افرادی قوت ہے، پاکستان 2025ء وژن کے تحت نوجوانوں کی تکنیکی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو 2025ء تک دنیا کی پہلی 25 معیشتوں میں شامل کرنے کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ کی صف اوّل کی کمپنیوں کیلئے پاکستان مستقبل کی منزل ہے، ہواووے دنیا کی بہترین کمپنیوں میں شامل ہوتی ہے، اسے پاکستان میں عالمی سطح کا ریسرچ سینٹر قائم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، چین کی صف اوّل کی کمپنیوں کے اشتراک سے پاکستان کو ٹیکنالوجی لیڈر بنانا چاہتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی عمل مستحکم ہے اور پالیسیوں کے تسلسل پر تشویش نہیں ہونی چاہئے۔ ہواووے کے صدر نے ریسرچ سینٹر کے قیام کیلئے جلد ابتدائی ٹیم بھیجنے کا وعدہ کیا۔ وزیر داخلہ نے ہواووے ریسرچ سینٹر کا دورہ بھی کیا۔