بلوچستان میں ٹماٹر کی فصل تیار ،جلد بحران ختم ہو جائے گا ،بھارت سے کسی صورت ٹماٹرنہیں منگوائیں گے‘ سکندر بوسن

وزیر اعظم نے فیڈرل فوڈ سیفٹی کے ادارے کی منظوری دیدی ، پلانٹ بریڈرز رائٹس بل قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے رولز بھی تیار کر لئے گئے ‘ نواز شریف کا ملکی سیاست میں بڑا اہم کردار ہے،ان کے وطن واپس آنے سے تمام افواہیں و مخالفین کی خواہشات دم توڑ گئی ہیں، ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو سخت محنت کرنی چاہئے وفاقی وزیر تحفظ خورا ک کا بائیو ٹیکنالوجی کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

پیر 25 ستمبر 2017 22:41

بلوچستان میں ٹماٹر کی فصل تیار ،جلد بحران ختم ہو جائے گا ،بھارت سے کسی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اور ریسرچ سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹماٹر کی فصل تیار ہے اورجلد بحران ختم ہو جائے گا بھارت سے کسی صورت ٹماٹرنہیں منگوائیں گے‘وزیر اعظم نے فیڈرل فوڈ سیفٹی کے ادارے کی منظوری دیدی ہے جبکہ پلانٹ بریڈرز رائٹس بل قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے رولز بھی تیار کر لئے گئے ہیں،مسلم لیگ(ن)کو جو مینڈیٹ ملا اسے پورا ہونا چاہیے‘محمد نواز شریف کا ملکی سیاست میں بڑا اہم کردار ہے،ان کے وطن واپس آنے سے تمام افواہیں و مخالفین کی خواہشات دم توڑ گئی ہیں، ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو سخت محنت کرنی چاہئے ۔

وہ پیرکو پاکستان بائیو ٹیکنالوجی انفارمیشن سنٹر اور فارمین کرسچیئن کالج کے اشتراک سے بائیو ٹیکنالوجی کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایف سی کالج کے ڈین ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک‘ ایف سی کالج کے ریکٹر ڈاکٹر جیمز ٹبی‘ سینئر ایڈوائزر ملک ظہور احمد‘ ڈاکٹر ثمینہ مہناز و دیگر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن نے کہا کہ عوام کی طرف سے سیاسی جماعت کو دیئے جانیوالے مینڈیٹ کو تسلیم اور اسے پورا ہونا چاہئے،اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی،قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ درست نہیں ،ملک میں آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، ہم سب کو ملکی آئین کے مطابق چلنا چاہئیاور اس راہ پر گامزن رہ کر ہی ہم ترقی کی مناز ل طے کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جو مینڈیٹ ملا ہے اسے پورا ہونا چاہئے،آئندہ انتخابات میں جس جماعت کی کارکردگی اچھی ہو گی عوام اس کے حق میں فیصلہ دیں گے اور جس جماعت کی کارکردگی بری ہو گی عوام اسے مسترد کر دیں گے، مخالفین کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل سے ہی بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی ورکشاپ ایک اچھی کاوش ہے اور ایسے ایونٹ انتہائی ضروری ہیں جہاں چھوٹے کسانوں اور ملکی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے گفتگو ہوتی ہو، ایسی ورکشاپس کا انعقاد ہوتا رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر اکٹھے ہوں گے وہاں بہتری کی بات ہو گی اور اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پلانٹ بریڈرز رائٹ بل قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور ہو چکا ہے اور اس کے رولز بھی تیار کر لئے گئے ہیں جس سے غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں آسانی ہو گی اور ان کے حقوق کا تحفظ ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیاز اور ٹماٹر کی فصل تیار ہو چکی ہے اور چند دنوں میں مذکورہ سبزیاں وافر مقدار میں دستیاب ہونگی تا ہم عارضی قلت دور کرنے کیلئے ٹماٹر بھارت سے نہیں منگوائیں گے۔پاکستان میں مکئی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے جس کی بڑی وجہ ہائبرڈ بیج ہے اور اس کی پیداوار بھارت سے زیادہ ہے،پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام ہو رہاہے،جدید ٹیکنالوجی کا حصول جدید علم کے ذریعے ہی ممکن ہے ، پیداواری عوامل کو سستے نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں، فوڈ سکیورٹی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ نیشنل سکیورٹی۔

سکندر حیات بوسن نے کہا کہ کسان کو فائدہ اس وقت ہو گا جب بہتر کوالٹی کی پیداوار ہو گی جس سے برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی کے تحفظ کیلئے بائیو ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے‘ اچھی حکمت عملی کے تحت زرعی شعبہ میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خشک سالی سے بچنے کیلئے ماحولیاتی تبدیلی پر بھی توجہ دے رہے ہیں،زراعت کا شعبہ ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس میں بہتری کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں تا کہ اس شعبہ کو مکمل صنعت کا درجہ حاصل ہو سکے۔