بلوچستان کے لوگ پیار و محبت کرنے والے ہیں اور وہ کچھ نہیں مانگتے صرف عزت و احترام چاہتے ہیں،نواب ثناء اللہ زہری

باہر سے آنے والے افسر ان ان سے پیار و محبت سے پیش آئیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان کا آئی جی پولیس کے اعزاز میں دئیے گئے الوداعی ظہرانے سے خطاب

پیر 25 ستمبر 2017 22:26

بلوچستان کے لوگ پیار و محبت کرنے والے ہیں اور وہ کچھ نہیں مانگتے صرف ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ پیار و محبت کرنے والے ہیں اور وہ کچھ نہیں مانگتے صرف عزت و احترام چاہتے ہیں، لہذا باہر سے آنے والے افسر ان ان سے پیار و محبت سے پیش آئیں گے وہ بھی انہیں عزت و احترام دیں گے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ اپنی مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائرمنٹ پر جانے والے آئی جی بلوچستان پولیس احسن محبوب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بحیثیت آئی جی اور دیگر عہدوں پر بلوچستان میں اپنی تعیناتی کے دوران بلوچستان کے عوام کو پیار و محبت اور عزت و احترام دیا اور وہ ایک اچھے نام کے ساتھ بلوچستان سے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پولیس احسن محبوب کے اعزاز میں اپنی جانب سے دئیے گئے الوداعی ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزراء واراکین اسمبلی، سینیٹر آغا شاہ زیب درانی، اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع، صوبائی سیکرٹریز اور دیگر سول و عسکری حکام بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس احسن محبوب کی صوبے کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیں، جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، بلوچستان کے عوام اور حکومت ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر افسران خود کو حاکم کے بجائے عوام کا خادم سمجھیں تو ناصرف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں بلکہ عوام سے عزت و احترام بھی حاصل کر سکتے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ پولیس سمیت تمام اداروں سے سیاسی دباؤ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ یہ ادارے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں ، آئی جی احسن محبوب کی سربراہی میں محکمہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری کی اہم وجہ محکمہ سے سیاسی و ہر قسم کے دباؤ کا خاتمہ ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئی جی پولیس احسن محبوب نے کبھی بھی اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کیا اور صوبائی حکومت کے ساتھ مثالی تعاون کیا ، ان کے اور آئی جی پولیس کے درمیان ہمیشہ اعتماد کا رشتہ برقرار رہا، وزیراعلیٰ نے آئی جی احسن محبوب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ان کا قائم ہونے والا رشتہ اور تعلق ہمیشہ برقرار رہے گا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آئی جی پولیس احسن محبوب نے کہا کہ انہوں نے چھ سال بلوچستان میں اپنی خدمات سرانجام دی اور اس دوران انہیں صوبے کے لوگوں سے بہت پیار اور محبت ملی جو انہیں ہمیشہ یاد رہے گی، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان سے ہمیشہ بھائیوں جیسا سلوک کیا اور ان کی رہنمائی کی جبکہ صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی نے بھی انہیں ہمیشہ عزت و احترام دیا، جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا جو کسی بھی پولیس آفیسر کے لیے بہت ضروری ہے، تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس احسن محبوب کو بلوچی روایتی ٹوپی ،قالین ، یادگاری شیلڈ اور قلم کا تحفہ دیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں وزیراعلیٰ کی جانب سے آئی جی پولیس احسن محبوب کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :