آل پاکستان قائد اعظم گولڈ کپ ڈیرہ غازیخان ، کراچی یونائیٹڈ نے فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی

کراچی یونائیٹڈ نے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بر قرار رکھتے ہوئے فائنل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں شائقین فٹبال سے داد سمیٹی

پیر 25 ستمبر 2017 22:09

آل پاکستان قائد اعظم گولڈ کپ ڈیرہ غازیخان ، کراچی یونائیٹڈ نے فاتح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2017ء) کراچی یونائیٹڈ نے آل پاکستان قائد اعظم گولڈ کپ فٹبال کے فائنل میں آتش کلب فاٹا کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد تین گول سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنالی،الہلال فٹبال کلب ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام ہونے والے اس ٹورنامنٹ میںکراچی یونائیٹڈ نے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بر قرار رکھتے ہوئے فائنل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں شائقین فٹبال سے داد سمیٹی، تفصیلات کے مطابق کھیل شروع ہوتے ہی فاتح ٹیم نے حریف ٹیم کو دبائو میںلے لیا اور اس کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیئی25ویں منٹ میں ان کے اسٹار اسٹرائکر فضل نے ایک خوبصورت گول اسکورکرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلادی، کھیل کی37 ویں منٹ میں نعمان ڈوڈو اور سمیر کے درمیان ایک خوبصورت موومنٹ بنا جس کے دوران نعمان ڈوڈو نے گول کیپر کو چکمہ دے کر گیند کو جال کے حوالے کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کر دیا وقفہ کے بعد آتش کلب فاٹا نے گول برابر کرنے کے لئے سخت جدوجہد کی لیکن کراچی یونائیٹڈ کے ڈیفنڈر اور گول کیپر نے ان کے تمام حملوں کو ناکام بنادیا کھیل ختم ہونے سے چند منٹ قبل سمیر کو گول کرنے کا ایک سنہری موقع ملا جس کو انہوں نے گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنادیا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکور نعمان ڈوڈو رہے جبکہ بیسٹ کوچ ارشد جمال کو قرار دیا گیا۔ چیف کوچ ارشد جمال نے تقریب تقسیم انعامات میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کامیابی سخت محنت اور ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے بعد ازاں ڈی جی خان کے معروف سماجی رہنما شیخ محمد صادق نے فاتح ٹیم اور کھلاڑیوں میں ٹرافی ،میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کئے‘ ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین اور آرگنائزر محمود خان نے ٹورنامنٹ میں شامل ٹیموں کا شکریہ اداکیا اور کراچی یونائیٹڈ کو فائنل جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔۔