عزیز کراس فلائی اوورگوجرانوالہ کے لئے ایک شاہکار ثابت ہوگا،شہر کے لئے میگا پراجیکٹ دینے پر وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے ممنون ہیں ،

وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان

پیر 25 ستمبر 2017 22:06

عزیز کراس فلائی اوورگوجرانوالہ کے لئے ایک شاہکار ثابت ہوگا،شہر کے ..
گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عزیز کراس فلائی اوور اکیسویںصدی کے گوجرانوالہ کے لئے ایک شاہکار ثابت ہوگا، شہر کے لئے میگا پراجیکٹ دینے پر وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے ممنون ہیں ،عنقریب خادم پنجاب خود منصوبے کا افتتاح کر ینگے، باقی ماندہ کام اور تزئین و آرائش جلد سے جلد مکمل کر لی جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے زیر تعمیر عزیز کراس فلائی اوور کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام کی آسانی ،سہولت اور شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے میں عزیز کراس فلائی اوور کی حیثیت ایک سنگ میل کی ہوگی ، ملک بھر میں جاری ترقیاتی عمل محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق آنے والے نسلوں کو ایک بہتر پاکستان بنانے کی کوشش ہے ، ،وفاقی وزیر نے این ایل سی اور پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام کو جلد سے جلد پایہ ء تکمیل تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد وزیر اعلیٰ پنجا ب اس کا خود افتتاح کریں گے ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایل سی کرنل عاصم نے انہیں منصوبے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کر تے ہوئے کہا کہ عزیز کراس فلائی اوور کی تعمیر اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔ منصوبے میں اضافی سڑکیں شامل کی گئیں جس سے تاخیرہوئی تاہم اس وقت تمام فلائی اوورز مکمل ہوچکے ہیں ،سڑکوں کے ساتھ فٹ پاتھ بننے والے ہیں اوراسکے علاوہ پی ایچ اے کاکام باقی ہے۔