احتساب کی عدالت کو آزادانہ طریقے سے کام کرنے دیا جائے ،مسلم لیگ (ن) عدالتوں کا احترام کرنے والی جماعت ہے،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق

پیر 25 ستمبر 2017 21:39

احتساب کی عدالت کو آزادانہ طریقے سے کام کرنے دیا جائے ،مسلم لیگ (ن) ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ احتساب کی عدالت کو آزادانہ طریقے سے کام کرنے دیا جائے ، اس عدالت پر نگران جج کی تعیناتی اور مخصوص دنوں میں فیصلے کی بات مناسب نہیں۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نہ تو کوئی ریلیف چاہتے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی جھگڑا چاہتے ہیںکیونکہ اس جھگڑے کا کسی کو بھی کوئی فائدہ نہیں ہو گا بلکہ سبھی کو نقصان ہی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عدالتوں کا احترام کرنے والی جماعت ہے جس کا عدلیہ بحالی کے لیے کردار بھی سب کے سامنے ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحفظات کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں پر عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ایک طویل ملاقات ہوئی جس میں چوہدری نثار نے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی جبکہ ملکی موجودہ سیاسی صورت حال سمیت مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔