لاڑکانہ پولیس کے تمام تر دعواؤں کے باوجود شہر کے سات داخلی و خارجی راستے سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی کے باعث غیر محفوظ ہوگئے

پیر 25 ستمبر 2017 21:36

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) لاڑکانہ پولیس کے تمام تر دعواؤں کے باوجود شہر کے سات داخلی و خارجی راستے سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی کے باعث غیر محفوظ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کی آمد کے باوجود تاحال 55 میں سے 17 خراب سی سی ٹی وی کیمروں کو درست نہیں کرایا جاسکا ہے۔ یاد رہے کہ 2012 میں پہلی مرتبہ حکومت سندھ کے تعاون سے شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں سمیت داخلی و خارجی راستوں پر دو کروڑ روپے سے زائد لاگت ہر اس وقت کے ڈی سی عبدالعلیم لاشاری کی جانب سے کراچی کی نجی کمپنی کے ذریعے 40 سے زائد کیمرے لگائے گئے تھے ان کیمروں کی تعداد میں وقت کے ساتھ اضافہ کیا گیا تھا، اس وقت 55 کیمرے مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں جن میں سے 38 کام کررہے ہیں جبکہ 17 کیمرے مختلف وجوہات کی بنا پر خراب ہیں جو کہ داخلی و خارجی راستوں نوڈیرو چوک، قمبر روڈ، وگن روڈ، چانڈکا پل، سچل کالونی، نیو بس ٹرمینل، نظر محلہ بازیگر پل، فل روڈ اور بقا پور روڈ پر لگے ہوئے ہیں، شھر کے رائل روڈ، بندر روڈ، مارکیٹ روڈ سمیت مختلف سڑکوں پر عام کیمروں کے علاوہ دو معروف چوراہوں پاکستان چوک اور باغ جناح چوک پر کلوز سرکٹ ڈوم کیمرے کام کر رہے ہیں جنہیں ایس ایس پی آفیس میں قائم کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی نے بتایا محرم الحرام کے دوران شھر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت مختلف علاقوں کے علاوہ امام بارگاہوں کی مانیٹرنگ کے لئے آئندہ دو روز کے دوران مزید 33 کیمرے لگائے جارہے ہیں۔ واضع رہے کہ اتوار کے روز ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے محرم الحرام کے موقعہ پر سیکیورٹی کے متعلق بریفنگ میں بتایا تھا کہ لاڑکانہ میں 63 سی سی ٹی وی کیمروں میں سے 13 کیمرے خراب ہیں جنہیں جلد درست کیا جائیگا جو تاحال درست نہ ہوسکے ہیں جس کے باعث ان علاقے میں رہائش پذیر علاقہ مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ علاقوں میں جلد از جلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :