امریکہ نے پاکستان میں اپنے گھوڑے پال رکھے ہیں جب ایک گھوڑا بدنام ہوتا ہے تو دوسرے کو سامنے لے آتا ہے‘سراج الحق

معاشرے میں خواتین کے استحصال کے لیے بنائے گئے جہالت پر مبنی رسم وراج کو ختم کرکے اسلام کی ان سنہری تعلیمات کو عام کیاجائے جن میں خواتین کے حقوق کا تحفظ ہو‘امیر جماعت اسلامی

پیر 25 ستمبر 2017 21:35

امریکہ نے پاکستان میں اپنے گھوڑے پال رکھے ہیں جب ایک گھوڑا بدنام ہوتا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مغرب نے عورت کا استحصال کیا اوراس سے عزت و احترام اور وقار چھین کر اسے بازار کی زینت بنا دیا،جب کہ اسلام نے عورت کو ماں بہن اور بیٹی کے مقدس رشتے عطا کیے،آج مغرب ان رشتوں کو پامال کرنے پر تلا ہوا ہے،آج دنیا کفر اور مغربی طاقتیں ہر سازش کے باوجود اسلام کو پھیلنے اور امت کو مٹانے میں ناکام ہوگئی ہیں تو انہوں نے بل آخر چادر اور چار دیواری پر حملہ کرکے بیوی کو خاوند ،بیٹی کو باپ اور بیٹے کو ماں کے احترام سے دور کرنے کی سازش کی ہے ،نبی آخر زماں حضرت محمدﷺ نے جن رشتوں کو مضبوط کرنے کی تعلیم دی تھی مغرب ان رشتوں کو ختم کرناچاہتا ہے،جماعت اسلامی خواتین کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد کررہی ہے،جماعت اسلامی ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا چاہتی ہے جس میں خواتین کا احترام ہو اور وراثت میں ان کو حق مل سکے،میں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاہے کہ امیدواروں سے ایک سرٹیفکیٹ لیا جائے کہ اس نے باپ کی وارثت میں سے ماں اور بہن کا حصہ ادا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ حجاب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے اسلامی نظریاتی کونسل کی رکن ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،ڈاکٹر دردانہ صدیقی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر بیگم قاضی حسین احمد،عائشہ منور،رعنا فضل ،سکینہ شاہد،عطیہ نثار،عنایت جدوں،ناصرہ الیاس،اور بیگم سراج الحق بھی موجود تھیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ملک میں شریعت کانفاذ چاہتے ہیں ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی میں ہے۔غربت ،جہالت ،بد امنی اور دہشتگردی موجودہ نظام کی پیداور اور کرپٹ حکمرانوں کا تحفہ ہیں۔عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے دیانت دار قیادت کو منتخب کرسکتے ہیں۔ہماری لڑائی کسی کی ذات سے نہیں بلکہ اس ظالمانہ نظام سے ہے جس نے غریب عوام کا استحصال کیا اوربرسراقتدار ٹولہ کو لوگوں کے حقوق پامال کرنے کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں کوئی نظریاتی حکومت ہوتی تو پاکستان دو لخت نہ ہوتا۔نظریہ پاکستان سے انحراف کرنے والوں نے پاکستان کے دو ٹکرے کیے ۔ان لوگوں نے مکہ اور مدینہ کو اپنا قبلہ بنانے کی بجائے لندن اور واشنگٹن کو اپنا قبلہ بنایا۔انہوں نے کہا امریکہ نے پاکستان میں اپنے گھوڑے پال رکھے ہیں جب ایک گھوڑا بدنام ہوتا ہے تو دوسرے کو سامنے لے آتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حکومت کا موقع دیا اور عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو ہم ایسی حکومت قائم کریں گے جس میں امیر اور غریب کے لیے یکساں نظام ہوگا۔غریب کے بچے کو مفت تعلیم ملے گی اور سرکاری ہسپتالوں میں غریب کا مفت علاج ہوگا۔انہوںنے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے جو کسی حکومت نے پوری نہیں کی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ محرم الحرام باطل کے خلاف ڈٹ جانے اور اسے مٹانے کا عزم کرنے اور حق کے غلبہ کی جدوجہد کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے میں خواتین کے استحصال کے لیے بنائے گئے جہالت پر مبنی رسم وراج کو ختم کرکے اسلام کی ان سنہری تعلیمات کو عام کیاجائے جن میں خواتین کے حقوق کا تحفظ ہو۔انہوں نے کہا کہ کوئی مغربی این جی او اور کوئی مرد خواتین کو وہ حقوق نہیں دے سکتا جو اسے اسلام نے عطا کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں خواتین کی نصف آبادی ہے اگر پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل کو حاصل کرناچاہتاہے تو خواتین کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔