نواز شریف کا ملکی سیاست میں بڑا اہم کردار ہے

ان کے وطن واپس آنے سے تمام افواہیں و مخالفین کی خواہشات دم توڑ گئی ہیں ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو سخت محنت کرنی چاہئے وزیر اعظم نے فیڈرل فوڈ سیفٹی کے ادارے کی منظوری دیدی ہے جبکہ پلانٹ بریڈرز رائٹس بل قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے رولز بھی تیار کر لئے گئے ہیں بلوچستان میں پیاز اور ٹماٹر کی فصل تیار ہو چکی ہے اور آئندہ چند دنوں میں یہ مسئلہ حل ہو جائیگا مگر بھارت سے ٹماٹر نہیں منگوائیں گے،وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن کابائیو ٹیکنالوجی بارے ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

پیر 25 ستمبر 2017 21:28

نواز شریف کا ملکی سیاست میں بڑا اہم کردار ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کا ملکی سیاست میں بڑا اہم کردار ہے ان کے وطن واپس آنے سے تمام افواہیں و مخالفین کی خواہشات دم توڑ گئی ہیں ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو سخت محنت کرنی چاہئے وزیر اعظم نے فیڈرل فوڈ سیفٹی کے ادارے کی منظوری دیدی ہے جبکہ پلانٹ بریڈرز رائٹس بل قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے رولز بھی تیار کر لئے گئے ہیں بلوچستان میں پیاز اور ٹماٹر کی فصل تیار ہو چکی ہے اور آئندہ چند دنوں میں یہ مسئلہ حل ہو جائیگا مگر بھارت سے ٹماٹر نہیں منگوائیں گے۔

وہ پیر کو پاکستان بائیو ٹیکنالوجی انفارمیشن سنٹر اور فارمین کرسچیئن کالج کے اشتراک سے بائیو ٹیکنالوجی کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایف سی کالج کے ڈین ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک ایف سی کالج کے ریکٹر ڈاکٹر جیمز ٹبی سینئر ایڈوائزر ملک ظہور احمد ڈاکٹر ثمینہ مہناز و دیگر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کی طرف سے سیاسی جماعت کو دیئے جانیوالے مینڈیٹ کو تسلیم اور اسے پورا ہونا چاہئے ہم سب کو ملکی آئین کے مطابق چلنا چاہئے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وطن واپس آنے سے تمام افواہیں ختم ہو گئی ہیں مسلم لیگ (ن) کو جو مینڈیٹ ملا ہے اسے پورا ہونا چاہئے ملک میں آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں آئندہ انتخابات میں جس جماعت کی کارکردگی اچھی ہو گی عوام اس کے حق میں فیصلہ دیں گے اور جس جماعت کی کارکردگی بری ہو گی عوام اسے مسترد کر دیں گے مخالفین کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہو سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل سے ہی بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ورکشاپ ایک اچھی کاوش ہے اور ایسے ایونٹ انتہائی ضروری ہیں جہاں چھوٹے کسانوں اور ملکی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے گفتگو ہوتی ہو ایسی ورکشاپس کا انعقاد ہوتا رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر اکٹھے ہوں گے وہاں بہتری کی بات ہو گی اور اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پلانٹ بریڈرز رائٹ بل قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور ہو چکا ہے اور اس کے رولز بھی تیار کر لئے گئے ہیں جس سے غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں آسانی ہو گی اور ان کے حقوق کا تحفظ ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیاز اور ٹماٹر کی فصل تیار ہو چکی ہے اور چند دنوں میں مذکورہ سبزیاں وافر مقدار میں دستیاب ہونگی تا ہم عارضی قلت دور کرنے کیلئے ٹماٹر بھارت سے نہیں منگوائیں گے پاکستان میں مکئی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے جس کی بڑی وجہ ہائبرڈ بیج ہے اور اس کی پیداوار بھارت سے زیادہ ہے پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام ہو رہاہے جدید ٹیکنالوجی کا حصول جدید علم کے ذریعے ہی ممکن ہے پیداواری عوامل کو سستے نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں فوڈ سکیورٹی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ نیشنل سکیورٹی۔

سکندر حیات بوسن نے کہا کہ کسان کو فائدہ اس وقت ہو گا جب بہتر کوالٹی کی پیداوار ہو گی جس سے برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی کے تحفظ کیلئے بائیو ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے اچھی حکمت عملی کے تحت زرعی شعبہ میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خشک سالی سے بچنے کیلئے ماحولیاتی تبدیلی پر بھی توجہ دے رہے ہیں زراعت کا شعبہ ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس میں بہتری کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں تا کہ اس شعبہ کو مکمل صنعت کا درجہ حاصل ہو سکے۔ ورکشاپ سے ایف سی کالج کے ڈین ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک ایف سی کالج کے ریکٹر ڈاکٹر جیمز ٹبی سینئر ایڈوائزر ملک ظہور احمد ڈاکٹر ثمینہ مہناز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔