نماز ، پردے اور تبلیغ کیخلاف بیان افسو س ناک اور قابلِ مذمت ہے ،حافظ نعیم الرحمن

ایڈیشنل آئی جی کا اسلامی احکامات اور شعائر کی پابندی کو ’ایب نارمل ایکٹی ویٹی ‘ قرار دینا حیر ت انگیز امر ہے ثناء اللہ عباسی فوری رجوع کریں اور معافی مانگیں ،اسلامی احکامات اور شعائر اسلام کی توہین کوئی بھی برداشت نہیں کریگا

پیر 25 ستمبر 2017 21:28

نماز ، پردے اور تبلیغ کیخلاف بیان افسو س ناک اور قابلِ مذمت ہے ،حافظ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی کی جانب سے تعلیمی اداروں میں پردے، نماز اور تبلیغ کے حوالے سے بیان اور اسلامی احکامات اور شعائر اسلام کی پابندی کو ’ایب نارمل ایکٹی ویٹی‘ قرار دینے کی شدید مذمت کر تے ہوئے انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ثناء اللہ عباسی جیسے محب وطن اور فرض شناس پولیس آفیسر کی طرف سے اس طرح کا بیان کا سامنے آنا حیرت انگیز امر ہے ۔

(جاری ہے)

ضروری ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے بیان کی وضاحت کریں ،اس سے رجوع کریں اور معافی مانگیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایسی طالبات جو حجاب اختیار کر تی ہیں اور ایسے طلبہ جو نماز کی پابندی کر تے ہیں ان سب کو دہشت گرد قرار دینا اور دہشت گردی کے خاتمے کی آڑ میں اسلام سے محبت کرنے اور والہانہ لگائو رکھنے والوں کے خلاف کاروائیاں امریکہ اور مغربی ذہن کی عکاسی اور ان کو خوش کر نے کی کوششیں ہیں جن کو کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جائے گا ۔اس بیان سے ہر کلمہ گو انسان کی دل آزاری ہو ئی ہے اور معاشرے میں حجاب اور صوم و صلواة کی پابندی کر نے یا نہ کر نے والے کوئی بھی اسلامی احکامات اور شعائر اسلام کی توہین برداشت نہیں کریں گے ۔