پارلیمان کے دونوں ایوان اور صوبائی اسمبلیاں اپناآئینی کردار ادا کریں تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی بلوچستان اسمبلی کے وفد سے گفتگو

پیر 25 ستمبر 2017 20:46

پارلیمان کے دونوں ایوان اور صوبائی اسمبلیاں اپناآئینی کردار ادا کریں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ اگر پارلیمان کے دونوں ایوان اور صوبائی اسمبلیاں اپناآئینی کردار ادا کریں تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی ‘گر ہم اپنے اختیارات اور دائر کار کو محدود کریںگے تو دیگر ادارے پارلیمان کی حدود میں جب چاہیں گے داخل ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کی کمیٹیوں کے چیئرمینوں ، ارکان اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بلوچستان اسمبلی کی سپیکر راحیلہ حمید درانی کی قیادت میں پیر کو ایوان بالاء کا دورہ کیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اقتدار کی تکون میں پارلیمان سب سے کمزور ادارہ ہے اور اس کے دائر اختیار میں اکثر دیگر دو اداروں نے مداخلت کی ہے ۔

(جاری ہے)

ہائوس آف فیڈریشن اور صوبائی اکائیوں کے مابین روابط کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفاد ہ کرنے کیلئے باقاعدہ نظام وضح کرنے کی ضرورت ہے جو کہ نہ صرف ارکان پارلیمنٹ کی سطح پر ہو بلکہ سیکرٹریٹس بھی اس میں شامل ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام کی روح کمیٹی سسٹم ہے ۔بلوچستان اسمبلی کی سپیکر نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ ایوان بالاء کی طرز پر بلوچستان اسمبلی میں بھی کونسل آف چیئرمین بنائی گئی ہے ۔سپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ایوان بالاء کے مشاورت سے موثر نظام وضح کیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے کمیٹیوں کے نظام کو زیادہ موثر بنانے،صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ بہتر رابطے اور دیگر شعبوں میںبہتری کیلئے ایوان بالاء کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے ارکان کی ٹریننگ کیلئے ایوان بالاء کی طرف سے بھر پور معاونت کی پیشکش کی ۔میاں رضاربانی نے بلوچستان اسمبلی کے ممبران اور سیکرٹریٹ کیلئے ورکشاپ کے انعقاد پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کی کاوشوں کو بھی سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ اس سے صوبائی اسمبلی میں کمیٹیوں کے نظام کو زیادہ موثر بنانے میں مدد ملے گی ۔ ملاقات میںبلوچستان اسمبلی کے ارکان جن میں نصر اللہ خان، زمرک خان ، آغا سید لیاقت علی، منظور احمد خان کاکڑ ، ڈاکٹر شمع اسحق بلوچ، ڈاکٹر رُقیہ سعید ہاشمی، ویلم جان برکت ، سپوزمائی اچکزئی ،حسن بانو، عارفہ صدیقی، انیتا عرفان ، سیکرٹری سینیٹ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس اور بلوچستان اسمبلی کے افسران بھی موجود تھے ۔