وزیراعظم روہنگیا مسلمانوں کے لئے قومی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کریں،ریاض حسین شاہ

پیر 25 ستمبر 2017 20:42

وزیراعظم روہنگیا مسلمانوں کے لئے قومی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کریں،ریاض ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2017ء) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں پناہ گزیں سات لاکھ روہنگیا مسلمان مہاجرین سنگین حالات سے دوچار ہیں۔ وزیراعظم روہنگیا مسلمانوں کے لئے قومی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کریں۔ اس فنڈ میں تمام ممبران پارلیمنٹ اور اعلی افسران اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جمع کروائیں۔

حکومت پوری قوم کو اس فنڈ میں عطیات جمع کروانے کی اپیل کرے اور وزیر اعظم خود امدادی سامان لے کر بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمان مہاجرین کے پاس پہنچیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المصفے ویلفیئر سوسائیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ روہنگیا مسلمان مہاجرین کھلے آسمان تلے موسمی سختیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی بند کروائے۔ مسلم ممالک برما کا سفارتی و تجارتی بائیکاٹ کریں۔ آنگ سان سوچی سے امن کا نوبل پرائز واپس لیا جائے۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ روہنگیا مسلمان بے بسی، بے کسی اور لاچارگی کی تصویر بنے ہوئے ہیں لیکن مسلم حکمران، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے ادارے اور عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :