اسلام آباد میں داعش کے جھنڈے لگنا حکومتی نااہلی ہے،نواز شریف کی واپسی بہادری نہیں مجبوری تھی،حامد رضا

قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ غیرجمہوری نہیں،پاکستان کو آمریت سے زیادہ کرپشن نے نقصان پہنچایا ہے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل

پیر 25 ستمبر 2017 20:42

اسلام آباد میں داعش کے جھنڈے لگنا حکومتی نااہلی ہے،نواز شریف کی واپسی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں داعش کے جھنڈے لگنا حکومتی نااہلی ہے۔ نواز شریف کی واپسی بہادری نہیں مجبوری تھی۔ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ غیرجمہوری نہیں۔ نئے انتخابات ضروری ہو چکے ہیں۔ پاکستان کو آمریت سے زیادہ کرپشن نے نقصان پہنچایا ہے۔

ن لیگ بطور جماعت کرپشن کا دفاع کر رہی ہے۔ پچھلے چار سالوں میں اندرونی و بیرونی قرضے دوگنا ہو چکے ہیں۔ اسحاق ڈار کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی سلامتی داؤ پہ لگ چکی ہے۔ حکومت پرانے قرضے اتارنے کے لئے نئے قرضے لے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنی ذات کی خاطر پورا نظام تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔

ن لیگ فرد واحد کے مفاد کے لئے آئین میں پیوندکاری کر رہی ہے۔ کرپشن کی وجہ سے ہم ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے معاشی غلام بن چکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی سابق نااہل وزیر اعظم کی بجائے ریاست کے وفادار بنیں۔ نواز شریف اقتدار کو خاندانی ورثے میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ن لیگ کے شاہی لیڈر پارٹی ورکرز کو اتفاق فونڈری کے مزدور سمجھتے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ کرپشن کو قومی ایشو عمران خان نے بنایا ہے۔ کرپشن کے کنویں سے کتا نکالے بغیر ملک پاک صاف نہیں ہو سکتا۔ ن لیگ کے عقاب یاد رکھیں کہ نواز شریف طیب اردگان ہیں اور نہ پاکستان ترکی ہے۔ ن لیگ کو آئینی اداروں سے ٹکراؤ مہنگا پڑے گا۔ قوم فوج اور عدلیہ کے ساتھ ہے۔