اسلام آباد میں داعش کے پرچم، اربوں روپے کے سیف سٹی پراجیکٹ کی قلعی کھل گئی

سیف سٹی پراجیکٹ کے بیش قیمت کیمروں کے ذریعے بھی مجرموں کا کھوج نہ لگایا جا سکا ون فائیوپر اطلاع دینے والے شخص سے بھی مدد نہ مل سکی، پولیس نے مقامی لوگوں سے تفتیش شروع کر دی دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ کھنہ میں مقدمہ درج

پیر 25 ستمبر 2017 20:42

اسلام آباد میں داعش کے پرچم، اربوں روپے کے سیف سٹی پراجیکٹ کی قلعی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2017ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کالعدم تنظیم داعش کا جھنڈا لہرانے کے معاملے نے اربوں روپے کے سیف سٹی پراجیکٹ کا پول کھول کر رکھ دیا۔ سیف سٹی پراجیکٹ کے بیش قیمت کیمروں کے ذریعے بھی مجرموں کا کھوج نہ لگایا جا سکا۔ ون فائیوپر اطلاع دینے والے شخص سے بھی مدد نہ مل سکی۔ پولیس نے مقامی لوگوں سے تفتیش شروع کر دی۔

دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ کھنہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایف آر سیل کر دی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاقہ اقبال ٹاؤن میں کالعدم تنظیم داعش کاجھنڈا لہرانے کے واقعہ نے اربوں روپے کے سیف سٹی پراجیکٹ کا پول کھول کر رکھ دیاہے۔

(جاری ہے)

شہر بھر میں جگہ جگہ کیمرے نصب کر رکھے ہیں جن کے حوالے سے حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان کی مدد سے شہر کی ہر شاہراہ اور ہر کونے پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔

تاہم ابھی تک سیف سٹی پراجیکٹ کے بیش قیمت کیمروں کے ذریعے بھی مجرموں کا کھوج نہیں لگایا جا سکاہے اور کسی قسم کی کوئی ایسی فوٹیج حاصل نہیں کی جا سکی جس کی مدد سے مجرموں تک پہنچا جا سکے۔دوسری جانب پولیس ابھی تک ون فائیو پر اطلاع کرنے والے نوجوان سے بھی زیادہ مدد حاصل نہیں کر سکی ہے۔ تاہم پویس نے قریبی مقامی آبادی کے افراد سے معلومات حاصل کرکے ان کے بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا لہرانے کا مقدمہ نمبر 356 تھانہ کھنہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیاہے ۔ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات 7 اے ٹی اے اور جی 11 شامل کیں گئیں۔جبکہ پویس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر سیل کر دی۔پویس ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے اس لیے ایف آئی آر کو سیل کیا گیا ہے جبکہ پولیس مذکورہ کیس کی تحقیقات جاری رکھے گی اور ثبوت سامنے آنے کے بعد ایف آئی آر کو دوبارہ کھول کر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر داخلہ احسن اقبال نے دارالحکومت اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا آویزاں ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔واضح رہے کہ اتوار کے روز وفاقی دارالحکومت کی اہم ترین شاہراہ پر نامعلوم افرادنے کالعدم عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے جھنڈا لہرا دیا تھا۔جس پر شہریوں میں تشویش پھیل گئی تھی۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر جھنڈا اتار دیا۔ کالعدم داعش کے مونوگرام والے کالے جھنڈے پریہ بھی درج تھا۔ خلافت آرہی ہے ۔جھنڈے لگانے والے توغائب ہوگئے تاہم نوید نامی شخص نے 15 پر اس کی اطلاع دی تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر فوری جھنڈے اتارے اور نوید کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ مذکورہ شخص ڈیرہ اسمعیل خان کا رہائشی بتایا گیا جس نے پولیس کو تحریری بیان میں کہا کہ وہ ذاتی کام سے سکستھ روڈ جا رہا تھا کہ اسے یہ جھنڈے دکھائی دئیے ، اس نے ٹی وی پر داعش کے جھنڈے دیکھ رکھے تھے اور اس تنظیم سے متعلق جانتا تھا ، اس لئے اسلام آباد میں جھنڈے نظر آنے پر اپنے موبائل فون سے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے اطلاع دی۔