گورنر سندھ کا دورہ جیکب آباد، شہریوںکوہیلتھ کارڈ اور مستحق افراد میں وہیل چیئر تقسیم کیں

پیر 25 ستمبر 2017 20:15

گورنر سندھ کا دورہ جیکب آباد، شہریوںکوہیلتھ کارڈ اور مستحق افراد میں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے پیر کو جیکب آباد شہر کا دورہ کیا ۔اس موقع پرگورنر سندھ نے وزیر اعظم کی ہیلتھ کارڈ اسکیم کے تحت شہریوں میں ہیلتھ کارڈ اور بیت المال کی جانب سے مستحق افراد میں وہیل چیئر بھی تقسیم کیں۔ تقریب میں مسلم لیگ کے رہنما شاہ محمد شاہ ،اسد جو نیجو،اسلم ابڑو اور صدر مملکت کے کوآرڈینیٹر چوہدری طارق فضل بھی موجود تھے ۔

جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن پر عملدرآمد کر رہی ہے، جیکب آباد کے لئے ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا اعلان سابق وزیر اعظم نے کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کوترقیاتی کاموں کے لئے وفاقی محاصل میں سی60 فی فیصد حصہ ملتا ہے، وفاقی محاصل 2013میں 19 ارب تھے جو اس مالی سال کے اختتام پر بڑھ کر 35 ارب ہو گئے ہیں ، اس طرح صوبوں کو ترقیاتی کاموں کے لئے اب دگنی رقم میسر ہے ، صوبوں کو اس رقم کو درست طریقہ سے استعمال کی اہلیت پیدا کرنا ہوگی تاکہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈز کے ذریعہ خصوصا غریب اور متوسط طبقہ کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم ہوں گی، اس اسکیم کے تحت جیکب آباد کے ایک لاکھ تیس ہزار چار سو اسی 130480افراد کو ہیلتھ کارڈ دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جیکب آباد کی طرح وفاقی حکومت نے حیدرآباد ، ٹھٹھہ اور کراچی میں بھی ترقیاتی منصوبے کے لئے بھاری رقم مختص کی تاکہ ان علاقوں میں بھی تیز ی سے ترقی ممکن ہو سکے ، کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے جس کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہی ہے اس لئے وفاقی حکومت نے کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت 25 ارب روپے مختص کئے جبکہ پہلے ہی وفاق کے تعاون سے 50 ارب روپے کے میگا پروجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے اس طرح کراچی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت 75 ارب روپے خرچ کررہی ہے ۔

میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاس کے دروازے ہر ایک کے لئے کھلے ہوئے ہیں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی میں سب کا نمایاں کردار ہے اس لئے صوبہ کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماں سے ملاقاتوں کے بعد میں نے گورنر ہاس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورتی اجلاس کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے تاکہ صوبہ کی ترقی کے لئے ہر ایک کی آرامعلوم کرکے اس کے مطابق عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ میں کسی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہا ہوں با الکل غلط بات ہے میں صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے ضمن میں ہر ایک سے بات کررہا ہوں اورہر ایک کی خدمات کو بھی سراہتاہوں ، گذشتہ روز تحریک انصاف نے مجھے اپنے پروگرام میں مدعو کیا بحیثیت گورنر میں نے اس پروگرام میں شرکت کی کیونکہ میرا کردار غیر جانبدار ہے مجھے جو بھی مدعو کرتا ہے اس میں ، میں ضرور شرکت کرتاہوں کیونکہ میرا کام صوبہ کی بھلائی کے لئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنانا اور اس ضمن میں ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت ایک عظیم سانحہ تھی آج ان کی کمی بڑی شدت سے محسوس کی جاتی ہے ، ذوالفقار علی بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں سے آج پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے یہ بات میں اس لئے کررہاہوں کہ میرا کردار غیر جانبدار ہے ہمیں معاشرہ میں برداشت کے رویہ کو پروان چڑھانا چاہئے، میں ہر ایک سے کہتاہوں کہ سیاسی اختلاف رکھیں لیکن کسی کے اچھے کاموں کی تشہیر اور اہم مواقعوں پران کا ذکر بھی کرنا چاہئے تاکہ ہماری نسلوں کو معلوم ہو سکے کہ ہمارے رہنماء نے اس وطن کے لئے کس قدر خدمات انجام دیں ہیں۔

تقریب سے خطاب میںصدر مملکت کے کو آرڈینیٹر چوہدری طارق فضل نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود حکومت کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور آج کی تقریب سابق وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اعلان کردہ وعدہ کی ایک تکمیل ہے جس سے غریب افراد بھرپور استفادہ حاصل کرینگے ۔ تقریب سے خطاب میں ہیلتھ کارڈ پروجیکٹ ڈائریکٹر مصطفی راجپر نے ہیلتھ کارڈ اسکیم سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ غربت سروے کے تحت منتخب کردہ افراد میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے جا رہے ہیں ، ہیلتھ کارڈ اسکیم پر سالانہ 40ارب روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔

مسلم لیگ (ن)ضلع جیکب آباد کے صدر اکرم ابڑو نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے جیکب آباد میں 100 ٹراسفارمرز اور گیس لائنوں کی اپ گریڈیشن کرنے کا اعلان کیا تھا چونکہ یہاں کے باسیوں کو ان مسائل کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس لئے ہماری درخواست ہے سابق وزیر اعظم کے اعلان کردہ ترقیاتی کاموں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو سہولیات حاصل ہو سکیں ۔

مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما سردار سجاد خان بلیدی نے کہا کہ تعلقہ گڑی خیرو جیکب آباد کا سب سے پسماندہ علاقہ ہے جہاں ترقیاتی کام اور عوامی فلاح و بہود کے کاموں میں تیزی انتہائی نا گزیر ہے ، علاقہ کو گرڈ اسٹیشن کی شدید ضرورت ہے جبکہ گیس کی تسلسل سے فراہمی بھی ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے حل سے لوگوں کی مشکلات میں کمی یقینی ہے ، علاقہ میں سرکاری اسکولز کی حالت زار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس ضمن میں موئثر اقدامات بہت ضروری ہیں ۔

مسلم لیگ(ن)سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا اپنے دور حکومت میں نہ صرف عوامی خدمات پر بھرپور توجہ مرکوز رکھی بلکہ اسے عملی جامہ بھی پہنایا اور آج کی تقریب اس کی واضح عکاس ہے ۔اسد جونیجو نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت مستحکم اور مضبوط ہورہی ہے ، کارکردگی کے لحاظ سے عوام اپنی پسندیدہ جماعت کو ہی آئندہ انتخابات میں بھی منتخب کرینگے ۔ مسلم لیگ( ن)کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات اسلم ابڑو نے کہا کہ پاکستان کی عوام باشعور ہے اور اسے اپنے اور پرائے کی تمیز بھی ہوچکی ہے تقریب عوامی خدمت کی واضح مثال ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ جیکب آباد کے لئے ا علان کردہ پیکج پر جلد از جلد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :