آئندہ عام انتخابات کیلئے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کا کوئی ارادہ نہیں ، صورتحال کے پیش نظر سیاست میں کسی پر عوامی نیشنل پارٹی کے دروازے بند نہیں کر سکتے ، پارٹی میں شامل ہونیوالوں کو خوش آمدید کہیں گے،

این ای4پارٹی کا موروثی حلقہ ہے اس بار پھر کامیابی حاصل کر کے عوامی مشکلات دور کرنے کیلئے کام کریں گے، فاٹا سیاسی اتحاد کی جانب سے 9اکتوبر کے مظاہرے میں اے این پی بھرپور شرکت کرئیگی صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی امیر حیدر خان ہوتی کا صوبائی کونسل ااجلاس سے خطاب

پیر 25 ستمبر 2017 20:12

آئندہ عام انتخابات کیلئے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کا کوئی ارادہ نہیں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کا کوئی ارادہ نہیں تاہم صورتحال کے پیش نظرسیاست میں کسی پر اے این پی کے دروازے بند نہیں کر سکتے ، پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہیں گے، این ای4اے این پی موروثی حلقہ ہے اور اس بار پھر کامیابی حاصل کر کے اس حلقہ کے عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے کام کریں گے۔

وہ بروز پیر باچا خان مرکز میں اے این پی کی صوبائی کونسل کے ااجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے تنظیمی امور سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی اور تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اے این پی ولی کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو اے این پی میں شامل کرنے کیلئے اپنی جدوجہد میں تیزی لائیں اور رکنیت سازی مکمل کر کے انہیں پارٹی میں شامل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ این اے 4کے ضمنی الیکشن پر پارٹی کی گہری نظر ہے اور اس حوالے سے تمام درکار لوازمات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ این ای4اے این پی موروثی حلقہ ہے اور اس بار پھر کامیابی حاصل کر کے اس حلقہ کے عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے کام کریں گے، اس حوالے سے تمام کارکن میدان میں آئیں اور اپنے تئیں جہت کا آغاز کریں ، فاٹا کا ذکر کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے پی سی کے بعد حکومت سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ اس اہم قومی ایشو کو جلد از جلد حل کر کے فاٹا کے صوبے میں انضمام کا علان کرے گی تاہم ایسا نہیں ہوا تو یہ معاملہ تاحال تاخیر کا شکا ر ہے ، انہوں نے کہا کہ فاٹا سیاسی اتحاد کی جانب سے 9اکتوبر کے مظاہرے اور لانگ مارچ میں اے این پی بھرپور شرکت کرے گی اور قبائلی عوام کے حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہے گی ، انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں فاٹا کے ساتھ پھر ظلم کیا گیا اور غلط اعداد و شمار ظاہر کر کے آبادی کم ظاہر کی گئی ، انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کو این ایف سی ایوارڈ میں ان کے جائز حصہ سے محروم کرنے اور وسائل کی تقسیم میں انہیں نظر انداز کرنے کی پالیسی سے ملک اور قبائلی عوام دونوں کا نقصان ہو گا ،انہوں نے حالیہ مردم شماری کو مسترد کرتے ہوئے وہاں نئے سرے سے مردم شماری کا مطالبہ کیا ، صوبائی صدر نے پارٹی ٹکٹوںکے حوالے سے ایک بار پھر واضح کیا کہ سفارش کا کوئی چانس نہیں اور تمام حلقوں کیلئے ٹکٹ صرف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے جائینگے البتہ تمام پارٹی عہدیداروں اور کارکن اس بات کے پابند ہونگے کہ وہ ٹکٹ ملنے والے امیدوار کے شانہ بشانہ میدان میں ہونگے اور اس کی انتخابی مہم بے لوث انداز میں چلائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عمران خان کی جانب سے قبل از انتخابات کے مطالبے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کیلئے جن منصوبوں کا صرف کاغذوں میں اعلان کیا گیا ہے ان کا مستقبل کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے قبل پارٹی جنوبی اضلاع کا دورہ شروع کرے گی اور جن اضلاع میں ورکرز کنونشن نہیں ہو سکے وہاں ان کنونشنز کا انعقاد کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کریں گے۔