صوبائی وزیر ماحولیات ذکیہ شاہنوازکا قصور ٹینریز ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی کا دورہ ‘پلانٹ کی کارکردگی اوراسکو درپیش مسائل کا جائزہ لیا

ٹریٹمنٹ پلانٹ کو چوبیس گھنٹے فنکشنل رکھنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت ‘ٹینریز مالکان سے واجبات کی ریکوری فوری طور پرعمل میں لائی جائے ‘پلانٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے اخراجات کا تخمینہ لگا کر سمری تیار کرنے کا حکم ‘شہریوں کو آلودگی سے پاک صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تما م وسائل برائے کار لائے جائینگے ‘صوبائی وزیر ماحولیات ذکیہ شاہنواز

پیر 25 ستمبر 2017 19:39

صوبائی وزیر ماحولیات ذکیہ شاہنوازکا قصور ٹینریز ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی ..
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر ماحولیات ذکیہ شاہنوازکا قصور ٹینریز ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی قصور کا دورہ ،پلانٹ کی کارکردگی اوراس کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا ،ٹریٹمنٹ پلانٹ کو چوبیس گھنٹے فنکشنل رکھنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت ‘ٹینریز مالکان سے واجبات کی ریکوری فوری طور پرعمل میں لائی جائے،پلانٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے اخراجات کا تخمینہ لگا کر سمری تیار کرنے کا حکم ،شہریوں کو آلودگی سے پاک صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تما م وسائل برائے کار لائے جائینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں ،صوبائی سیکرٹری ماحولیات کیپٹن (ر) سیف انجم،ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قصور فہیم نسیم ،پراجیکٹ منیجر کے ٹی ڈبلیو ایم اے جہانزیب ٹیپو ‘ٹینریز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پراجیکٹ منیجر کے ٹی ڈبلیو ایم اے نے صوبائی وزیر ماحولیات کو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور اجلاس کو بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پانچ ماہ کے مختصر عرصہ میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کو چلا دیا گیا مگر فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس پلانٹ کو مستقل بنیادوں پر چلانا ناممکن ہے ۔ پلانٹ کو مسلسل فنکشنل رکھنے کیلئے فنڈز کی اشد ضرورت ہے جس پر صوبائی وزیر ماحولیات نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت پنجاب اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر قصور کو ہدایت کی کہ تمام ٹینریز مالکان کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ کے ٹی ڈبلیو ایم اے کے واجبات جلد از جلد ادا کریں اور واجبات ادا نہ کرنے والی ٹینریز مالکان کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے ۔ بعدازاں صوبائی وزیر ماحولیات نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور پلانٹ کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ اس وقت جس کیپسٹی پر چل رہا ہے وہ ناکافی ہے ٹینریز کا زہر آلودہ پانی قصور کی عوام کیلئے مختلف بیماریاں پھیلانے کا سبب بنا ہوا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس آلودگی کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس مقصد کیلئے ہمیں فوری طور پر عملی اقدامات کرنا ہونگے تا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول میسر آسکے ۔

صوبائی وزیر نے آلودہ پانی کو فوری طور پر صاف کرنے کیلئے نبجی کے تعاون سے مخصوص پودے فوری طور پر لگانے کا حکم دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور نے کہا کہ موجودہ پلانٹ کی کیپسٹی کو بڑھا کر یا نیا پلانٹ لگا کر دن بدن بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ اسی طرح انہوں نے پلانٹ ملازمین کے سروس اسٹریکچر ‘تنخواہوں اور ادارے کے اسٹیٹس بارے مستقل پالیسی بنانے پر زور دیا ۔ جس پر صوبائی وزیر نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کو مستقل بنیادوں پر چلانے کیلئے مطلوبہ فنڈز اور دیگر مسائل کے حوالے سے سمری فوری طور پر بھیجنے کا حکم دیا ۔

متعلقہ عنوان :