اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کی تقریرکو سراہا اورکشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی پر انہیں خراجِ تحسین ،کشمیر ، بر ما اور دیگر ممالک میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی،جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے زیر اہتمام حیدرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ

پیر 25 ستمبر 2017 19:39

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے زیر اہتمام حیدرآباد پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس زیر صدارت صاحب زادہ ابو الخیر محمد زبیرہو ئی۔ کا نفرنس میں جے یو پی ، جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے اسلام (ف) جمعیت علمائے اسلام (س) سنی تحریک ، مسلم لیگ(ن)،تحریک انصاف ، پی ایس پی ، قومی عوامی تحریک ، ملی مسلم لیگ اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے صدر اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحب زادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہاکہ محرم الحرام کے خصوصی ایام میں امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہاکہ عالمی سازش کے تحت مسلمانوں کو لڑانے اور ان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ملی یکجہتی کونسل کے کردار اور پاک افواج کی قربانیوں کو سرہاتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کے خاتمہ کرتے ہو ئے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کا جو عزم کیا ہے اس سے ملک میں خاطر خواں بہتری آئی ہے انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو متحد ہوکر پاکستان میں ہم آہنگی کو قائم کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ دشمن کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کیا جائے صاحب زادہ زبیر نے میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے کہ عالم اسلام کی ذمہ داری ہے کہ برما کے مسلمانوں کو جانی ومالی تحفظ دلائیں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سابق ایم پی اے عبدالوحیدقریشی نے کہاکہ برما میں مسلمانوں کا قتل عام مسلمانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو قائم رکھنا ہو گا اور دشمن کے کھیل کو سمجھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجید نے کہاکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں خاص طور پر اسلام سے ان کا تعلق نہیں ہے مسلمانوں کے ہر مسلک نے خود کش حملہ حرام قرار دیا ہے آج جو مسلم ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیاں ہو رہی ہیں ان کے پیچھے امریکی سی آئی اے ، بھارت کی را اور اسرائیل کی موساد ہے جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا تاج محمد نائیون نے کہاکہ دہشت گردوں کا نشانہ علما اور مقدس مقامات بنتے ہیں اسمیں کوئی شک نہیں ہے کہ اسکے پیچھے اسلام دشمن ہیں جو سادہ لوح و غریب مسلمانوں کو ورغلا کر استعمال کرتے ہیں شیعہ علماکونسل کے رہنما ذاکر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ ہم چند ایا م تک نہیں پورے سال یکجہتی واتحاد کے خواہشمند ہیں انہوں نے کہاکہ اختلافات کو تنازعات میں تبدیل نہ کیا جائے تمام مسالک کے باہمی رابطوں سے اتحاد کو مضبوط بنایا جائے مسلم لیگ (ن) حیدرآباد کے صدر محمد حنیف صدیقی نے کہاکہ ہماری حکومت ملک میں مذہبی ہم آہنگی قائم رکھنے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور ہم ہر مسلک سے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

کانفرنس سے تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم پی اے عثمان کینیڈی ، پاک سرزمین پارٹی کے رہنما سید احمد رشید ، سنی تحریک کے خالد حسن عطاری ، جمعیت علمائے اسلام (س) کے حافظ ارمان چوہان ، ملی مسلم لیگ کے خالد سیف قومی عوامی تحریک کے روشن علی قمبرانی،جے یو پی کے ناظم علی آرائیں اور دیگر نے بھی خطاب کیااس موقع پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں داعش جیسی اسلام دشمن و مسلم دشمن تنظیم کی بیخ کنی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ، اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کی تقریر کو سراہا گیا اور کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا کشمیر ، بر ما اور دیگر ممالک میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیانیز محرم الحرام میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے شہروں میں صحت وصفائی اور سٹرکوں کی خستہ حالی دور کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز پر حملہ کی مذمت کی گئی ۔