نیشنل بینک کیلئے دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم نصب کرنے پر گنیز ورلڈ ریکارڈز کا اعزاز

پیر 25 ستمبر 2017 19:19

نیشنل بینک کیلئے دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم نصب کرنے پر گنیز ورلڈ ریکارڈز ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے چینی سرحد کے نزدیک درہٴ خنجراب پر نصب دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین کوعالمی ریکارڈ کے طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔نیشنل بینک نے یہ اے ٹی ایم مشین سطح سمندر سے 16,007 فٹ کی بلندی پر نصب کی تھی جو دنیا بھر میں کہیں بھی نصب کی گئی بلند ترین اے ٹی ایم مشین ہے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس مشین کی شمولیت نیشنل بینک آف پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف ہے جن کے ذریعے وہ اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی ، پروڈکٹس اور خدمات کو اپنے کسٹمرز تک پاکستان کے تمام علاقوںمیں پہنچانا چاہتا ہے اور ان میں پاکستان کے شمالی علاقے، دیہی اور مضافاتی علاقے شامل ہیں۔یہ دوسرا موقع ہے جب نیشنل بینک کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جولائی 2009 میں مینگروز کے 532,887 پودے لگا نے پر نیشنل بینک آف پاکستان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوا تھا۔ نیشنل بینک نے یہ پودے کیٹی بندر کے علاقے میں ایک ہی دن میں لگائے گئے تھے۔اس پر مسرت موقع پر نیشنل بینک کے صدر سعید احمد نے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ دنیا کے بلند ترین مقام پر ہماری نصب کردہ اے ٹی ایم مشین کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

نیشنل بینک میں ہم اپنے کسٹمرز کی روزمرہ زندگی آسان تر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کے لیے ان کی بات سنتے ہیں، ان کے بہترین مفاد کو سامنے رکھتے ہیں اور ہر کسٹمر کے ساتھ مثالی تجربہ کے ساتھ معاملت کرتے ہیں۔ نیشنل بینک ایسے دور دراز علاقوں میں بھی قوم کی خدمت پر یقین رکھتا ہے جہاں دوسرے بینک نہیں پہنچ سکے ہیں۔ یہ اعزاز اس طاقت اور ٹیکنالوجی کی تائید کرتا ہے جنہوں نے نیشنل بینک کوملک بھر میں اے ٹی ایم مشینوں کے حوالے سے غیر متنازعہ قائد بنایا ہے ۔

اس کے ساتھ، میں اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جس کے عزم نے ملک بھر میں بینکاری کی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے بھی ہمیں ممتازترین بینک بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز نیشنل بینک آف پاکستان کے اس عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے جس میں کسٹمرز کی ضروریات کو ہماری ترجیحات میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ ہم اپنے کسٹمرز کو ہر قدم پر سپورٹ فراہم کر تے ہیں اور ان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دوردراز علاقوں کا سفر کرتے ہیں۔

یہ نیشنل بینک کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کا کلیدی حصہ ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہماری اس اپروچ کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیا ہے جس میں کسٹمرز کو مرکزیت حاصل ہے۔یہ علاقہ سیاحوں کے لیے ایک اہم اور پرکشش مقام بنتا جارہا ہے جہاں ملک بھر سے سینکڑوں افراد آتے ہیں اور اس تعداد میں ہمارے دوست اور ہمسایہ ملک چین سے آنے والے افراد کے باعث اضافہ ہوتا جارہا ہے۔نیشنل بینک کو امید ہے کہ یہ اے ٹی ایم مشین پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع درہ خنجراب کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی ضرورتوں کو پورا کرے گی اور وہ اس جیسے دیگر پروگراموں میں بھی سرمایہ کاری کریں گے تاکہ پورے پاکستان میں لوگوںکی بڑھتی ہوئی مالی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :