ٹرانسپورٹ کے مسائل سے بچنے کے لئے سٹی بس سروس شروع کی جا رہی ہے‘ ناصر حسین شاہ کا کاٹی کی تقریب سے خطاب

پیر 25 ستمبر 2017 19:13

ٹرانسپورٹ کے مسائل سے بچنے کے لئے سٹی بس سروس شروع کی جا رہی ہے‘ ناصر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر محنت ٹرانسپورٹ اور اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کاٹی کے لئے 400 ملین روپے کے فنڈز جلد جاری کئے جائیں گے، بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ تاجر برادری کی بہتری اور صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لئے ماس ٹرانزٹ منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے، اکتوبر سے نومبر کے دوران 600 سے زائد بسیں کراچی لائی جا رہی ہیں جبکہ 25 دسمبر کو کے سی آر کا افتتاح بھی کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی سائٹ ایسوسی ایشن (کاٹی) کے تحت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایس ایم منیر،کاٹی کے چیئرمین مسعود نقی، زبیر چھایا، زاہد سعید، گلزار فیروز اور محکمہ محنت کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اکتوبر میں سہ فریقی کانفرنس منعقد کرکے تاجر اور محنت کشوں کے مسائل حل کئے جائیں گے، لیبر کالونی سمیت تاجر برادری کے تمام مسائل مل جل کر ہی حل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے تاجروں اور صنعت کاروں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں سہولیات فراہم کر کے ہم ان پر احسان نہیں کریں گے بلکہ یہ ہمارا فرض ہے۔ نا صر حسین شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ فیکٹریوں میں کام کرنے والے افراد کا کوائف نامکمل ہے لہذا تمام مزدوروں کی رجسٹریشن جلد کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے سٹی بس سروس شروع کی جا رہی ہے، کورنگی سے یلو لائن منصو بے کے تعطل میں سندھ حکومت کی کوئی غلطی نہیں ہے، اس منصوبے کے لئے ہمیں قرض ہی نہیں مل سکا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں کو فائر بریگیڈ سسٹم دینے کو تیار ہیں لیکن چلانا صنعتی انجمنوں کی ذمہ داری ہو گی، مختلف فیکٹریوں میں آتش زدگی سے نمٹنے کے واقعات کے سدباب کے لئے سندھ تمام صنعتی زون میں حکومت سندھ کی جانب سے فائر ٹینڈرز فراہم کئے جائیں گے۔