عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے لیویز فورس مستعد ہے ،میر ممتاز احمد مری

فورس کو جدید اسلحہ و تربیت سے لیس کرکے مثالی فورس بنانے کی ضرورت ہے،اسسٹنٹ کمشنر سبی

پیر 25 ستمبر 2017 19:06

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) اسسٹنٹ کمشنر سبی میر ممتاز احمد مری نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے لیویز فورس مستعد ہے ،لیویز فورس کو جدید اسلحہ و تربیت سے لیس کرکے لیویز فورس کو مثالی فورس بنانے کی ضرورت ہے،قیام امن کے لیے لیویز فورس کی کارکردگی قابل تحسین ہے ،موسمی اثرات کی پرواہ کیئے بغیر میدانی و سنگلاخ چٹانوں پر لیویز اہلکار فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنا رہے ہیں،لیویز اہلکاروں کو دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے سہولیات فراہم کی جائیں گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیویز لائن سبی میں لیویز فورس اہلکاروں میں نئی وردیاں ،بیلٹ اور ٹوپیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا ،قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر سبی میر ممتاز مری کو انچارج لیویز لائن رسالدار میر عارف مری نے لیویز تھانے کے مختلف سیکشن وائرلیس روم،مال خانہ کے علاہ جدید اسلحہ و آلات کا بھی معائنہ کرایا،اس موقع پرنائب تحصیلدار کٹ منڈائی میر محمد خان خجک،رسالدار لیویز فورس عبدالمالک بنگلزئی،محمد علی لونی،محمد افضل مری،وحید احمد ،دفعدار کبیر احمد و دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ صوبے کے 80فیصد بی ایریا میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے لیویز فورس کی کارکردگی مثالی ہے لیویز فورس کے مورال کو بلند بنانے کے لیے لیویز فورس کو جدید اسلحہ اور آلات سمیت گاڑیوں اور دیگر سہولیات سے لیس کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس بلوچستان محمد صالح ناصر لیویز فورس کو صوبے کی مثالی فورس بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں لیویز فورس کو جدید سہولیات جن میں شمسی توانائی کے پلانٹس مختلف چیک پوسٹوں پر لگا دیئے گئے ہیں سبی کے دوردراز علاقوں جن میں میدانی علاقے ہوں یا پھر سنگلاخ چٹانوں پر مشتمل علاقہ ہو لیویز فورس کے جوان اپنے فرائض ایماندار اور بہادری کے ساتھ انجام دئے رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر سبی سیف اللہ کھیتران کی کاوشوں کے بدولت لیویز اہلکاروں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اس ضمن مین لیویز اہلکاروں میں نئی وردیاں ،بیلٹ اور ٹوپیاں تقسیم کیا جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ فورس کے جوانوں کو چاہیے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض ایمانداری کے ساتھ انجام دیں ۔

متعلقہ عنوان :