تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان کے نوجوان اعلی تحقیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ‘ملک رفیق رجوانہ

معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے نوجوان نسل کو ملک و قوم کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے جس کیلئے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے‘گورنر پنجاب

پیر 25 ستمبر 2017 18:32

تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان کے نوجوان اعلی تحقیقی صلاحیتوں ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان کے نوجوان اعلی تحقیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ، معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے ہی نوجوان نسل کو ملک و قوم کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے جس کیلئے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات کیڈٹ کالج حسن ابدال کے بورڈ آف گورنررز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال اوربورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے بغیرقوموں کی برداری میں نمایاں مقام حاصل نہیں ہوسکتا اورفروغ تعلیم سے ہی ملک کا مستقبل سنوارا جا سکتا ہے۔ ان مقاصد کے حصول کے لئے حکومت نے تعلیم کو قومی ترقیاتی ایجنڈے میں اولین ترجیح دی ہے اور ہر سطح پر بنیادی اور اعلی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زہین اور باصلاحیت طلباء و طالبات کو وظائف فراہم کئے جا رہے ہیں، تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لئے نئے تعلیمی ادارے قائم کئے جا رہے ہیں اور اساتذہ کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں تاکہ وہ زیادہ محنت اور دلجمعی کے ساتھ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر سکیں۔ گورنر نے کیڈٹ کالج حسن ابدال کے شاندار تعلیمی روایات پر کالج انتظامیہ اور فکلیٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج سے فارغ التحصیل طلباء پاکستان اور دنیا بھر میں اعلی خدمات سر انجام دے دے رہے ہیں اوراپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر اس ادارے سے وابستہ طلباء نے تعلیمی شعبے میں اعلی مقام حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کیڈٹ کالج حسن ابدال کے تعلیمی معیارکو سراہتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے علم کی روشنی عام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پڑھی لکھی باشعور قوم ہی جہالت ، غربت ، پس ماندگی اور سماجی و معاشی تفاوت کا خاتمہ کرکے قومی ترقی کے مقاصد کا حصول ممکن بنا سکتی ہے۔گورنر پنجاب نے بورڈ آف گورنرز کیڈٹ کالج کے ممبران کی کالج کے اعلی تعلیمی معیارکو قائم رکھنے ، نتائج میں بہتری لانے اور سہولیات میں اضافے کے منصوبوں میں دلچسپی کی تعریف کی اور کہاکہ اجتماعی کوششوں اورٹیم ورک سے ہر ممکن مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کالج کے تعمیری و توسیعی منصوبوں کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کالج کے طلباء کی کامیابیاں اوراعلی کارکردگی پر فکلٹی ممبران ،والدین کی طلباء کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے ہم نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لئے اپنا فعال کردار ادا کریں اور تعلیم کی اہمیت کوہر سطح پر اجاگر کریں ۔

گورنر پنجاب نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیاکہ کیڈٹ کالج میںپاکستان کے دیہی اور پس ماندہ علاقوںسے تعلق رکھنے والے بچے بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان میں سے اکثر طلباء میرٹ پر بین الاقوامی شہرت یافتہ اعلی تعلیمی اداروں سے تعلیمی وظائف حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل نے تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوںکی رپورٹ پیش کی اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے تعلیمی وسعت کے پروگراموں کے بارے میں بتایا ۔ اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے کیڈٹ کالج حسن ابدال کی بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔