بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معصوم کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، ایل او سی کے پار کشمیری بوڑھے ،خواتین اور بچے بھارتی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا نشانہ بن رہے ہیں،پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستا ن برجیس طاہر کا بیان

پیر 25 ستمبر 2017 18:23

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستا ن برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معصوم کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے تاکہ اُن کو حق خودارادیت کے پیدائشی حق سے دستبردار کرایا جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ ایل او سی کے اس پار کے کشمیری بوڑھے ،خواتین اور بچے بھارتی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان وحشیانہ کاروائیوں سے بھارت کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتااور پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔وفاقی وزیر نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کو سہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے محمدنوازشریف کے وژن اور پالیسیز کے مطابق کشمیریوںکی اپنے خطاب میں اور دیگر فورمز پر بھرپور ترجمانی کی ہے انہوںنے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک دُنیا کے تمام فورمز پر اپنے کشمیری بھائیوں کی بھرپور ترجمانی جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں انتہائی سنجیدہ ہے جس کا واضح ثبوت محمدنوازشریف کا وہ تاریخی قدم ہے کہ جس کے تحت آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ یکمشت دوگنا کر دیا اور اس تاریخی قدم سے آزادکشمیر کی تیز ترین ترقی یقینی ہو گئی ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی محمدنوازشریف کے وژن کے عین مطابق آزادکشمیر کو ترقی یافتہ اور خوشحال خطہ بنانے کے پرُ عزم ہیں ۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد سے شہید ہونے والے کشمیریوں کے لیے دُعا بھی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :