کابینہ کی سب کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کا ٹماٹر کی طلب ورسد میں فرق دور کرنے کیلئے افغانستان سے درآمد بڑھانے کا فیصلہ

مشکلات کے باوجود بیمار بھارتی ٹماٹر نہیں لیں گے، زندہ قوموں کی طرح ملکی مفاد میں فیصلے کرنا ہونگے‘ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین

پیر 25 ستمبر 2017 18:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) کابینہ کی سب کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کے اجلاس نے پیاز کی قیمتوں میں بتدریج کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ٹماٹر کی طلب ورسد میں فرق دور کرنے کیلئے افغانستان سے اس کی درآمد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں برآمدکنندگان کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزرأ اور سینئر افسروں کی ٹیم ان کے ساتھ فوری ملاقات کرے گی۔

افغانستان اور ایران میں پاکستانی سفارتخانوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔اجلاس کی صدارت چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے کی جبکہ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر صنعت شیخ علائوالدین، لارڈ مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، محکمہ خوراک، انڈسٹری کے سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی زراعت اور دیگر متعلقہ افسران متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سب کمیٹی نے نوٹ کیا کہ بلوچستان جو ٹماٹر کی ملکی پیدوارکا بڑا حصہ پیدا کرتا ہے وہاں غیرمتوقع طور پر وائرس کے حملے سے فصل تباہ ہوگئی۔ سندھ میں ٹماٹر کی فصل تیار ہے اور جلد مارکیٹ میں آجائے گی۔ بھارت سے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ پاکستان میں ٹماٹر کی فصل متاثر ہونے کی وجہ بھی بھارتی ٹماٹر کا وائرس ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ محکمہ خوراک اور محکمہ صنعت کی خصوصی ٹیم خیبرپختونخوا اور افغانستان جاکرٹماٹر کی دستیابی اور درآمد کے امکانات کا جائزہ لے گی۔وزیر خوراک بلال یاسین نے برملا الفاظ میں کہا کہ مشکلات کے باوجود بھارت سے بیمار ٹماٹر ہرگز نہیں لیں گے۔ عوام طلب و رسد میں فرق دور کرنے کے لئے ساتھ دیں۔ وزیر صنعت شیخ علائوالدین نے بھی اس امر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قوموں کی طرح ہمیں بھی ملکی مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے۔

عوام کو میڈیا اور ہر فورم پر بتائیں گے کہ ہم وائرس زدہ بھارتی ٹماٹر استعمال کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ ہنگامی حالات میںاشیا کی درآمد کیلئے صوبوں میں بھی ٹریڈنگ کارپوریشن ہونی چاہیے ۔ لارڈ مئیر کرنل(ر) مبشر جاوید نے کہا کہ لاہور کے گردونواح کے دیہی علاقوں میں ٹماٹر، پیاز اور دیگر سبزیاں کاشت کرنے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو تازہ ترکاریاں مناسب نرخوں پر دستیاب ہوسکیں۔ انہیں مفت بیج اور زرعی ادویات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔