سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو سزائیں ملیں تو آئندہ کسی کو بیگناہ شہری کو خون میں نہلانے کی جرات نہیں ہو گی‘چودھری شجاعت حسین

آج تک پاکستان میں اتنا برا وقت نہیں دیکھا، نوازشریف نے ذاتی انا کیلئے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کی جو ان کے حق میں ہو‘چودھری ظہور الٰہی کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

پیر 25 ستمبر 2017 17:26

سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو سزائیں ملیں تو آئندہ کسی کو بیگناہ شہری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو سزائیں ملیں تو آئندہ کسی کو بیگناہ شہری کو خون میں نہلانے کی جرات نہیں ہو گی،آج تک پاکستان میں اتنا برا وقت نہیں دیکھا، نوازشریف نے ذاتی انا کیلئے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کی جو ان کے حق میں ہو۔

ان خیالات کااظہارچودھری شجاعت حسین نے چودھری ظہورالٰہی کی برسی پر گجرات میں ہر ضلع اور علاقہ سے آنے والے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہر جگہ گو نواز گو ہو رہا ہے، مسجد نبوی میں بھی چور چور کے نعرے لگ گئے اس سے زیادہ اور کیا بے عزتی ہو سکتی ہے، انہیں اپنا نہیں تو اپنے مرحوم والد کا ہی خیال کرنا چاہئے، نوازشریف نے تو اپنی بیٹی کو بھی نہیں معاف کیا، جعلی دستاویزات پر اس کے دستخط کروا لیے اور پھر کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں آج پیشگی کہہ رہا ہوں کہ نئے دن آنے والے ہیں اور حالات جلد تبدیل ہو جائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے برسی کے شرکا کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی کی وفات پر تمام مخالفین اکٹھے ہو گئے اور ہمارے خاندان کی سیاست کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر اس مقصد میں ناکام رہے جس کا ثبوت آپ سب کی یہاں موجودگی ہے، پچیس سال سے (ن) لیگ حکومت میں ہے پھر بھی ان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، خود ہی میچ کرواتے ہیں لیکن اس میں اور جہاں بھی جاتے ہیں چور چور کے نعرے لگتے ہیں، ایسی دولت اور حکمرانی کا کیا فائدہ جس میں عزت ہی نہ رہے ۔

انہوںنے کہاکہ اللہ کی قدرت دیکھیں کہ اب سارا ٹبر ہی چور ہو گیا ہے، نوازشریف کی اپنی تقریریں ہی ان کے خلاف گواہی بن رہی ہیں، اس خاندان نے کبھی کوئی کام ایسا نہیں کیا جو عام اور غریب آدمی کیلئے ہو، کسانوں اور غریبوں سے انہوں نے نوالہ تو چھین ہی لیا اب بیس ہزار سرکاری سکول بند کر کے تعلیم بھی چھین لی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چین میں 48کروڑ روپے فی کلومیٹر اور بھارت میں 25کروڑ فی کلومیٹر بننے والی جنگلہ بس انہوں نے لاہور میں ایک ارب دس کروڑ اور اور اسلام آباد میں 2 ارب روپے فی کلومیٹر میں بنائی، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں ہے کہ شہبازشریف نے پنجاب کا 63 فیصد بجٹ صرف لاہور پر لگایا ہے جس سے باقی صوبہ محرومی کا شکار ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نوازشریف بار بار کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا انہیں آج تک سمجھ نہیں آئی کہ کرپشن، غریب عوام کا خون چوسنے اور ظلم کرنے کی بنا پر نکالا گیا بلکہ عوام نے تو شریف خاندان کو دلوں سے نکال دیا ہے، شریف خاندان اور ان کے حواریوں نے ملک کو لوٹا اور اپنا خزانہ بڑھایا، گجرات شہر کا حال پہلے سے بھی برا ہے، یہاں اربوں روپے ’’خرچ‘‘ کیے گئے تاکہ بارش میں کشتیاں چلائی جائیں، ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے، ن لیگ نے 25 سال حکومت کی لیکن آج تک ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی آج بھی ملک میں 4ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، نوازشریف اپنا سارا پیسہ باہر لے جا چکے ہیں اور ان کے پنے ارکان اسمبلی بھی رو رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ کیا ہو گیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میرا دل کہہ رہا ہے کہ آئندہ برس جب ہم چودھری ظہورالٰہی کی برسی پر دوبارہ اکٹھے ہوں گے تو پاکستان کے حالات تبدیل ہو چکے ہوں گے کیونکہ جب دھڑن تختہ ہوتا ہے تو ایک دم ہوتا ہے، عوام کی ان ظالم حکمرانوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی، لہٰذا آپ سے اپیل ہے کہ ووٹ دیتے وقت اپنے اور پرائے کا خاص خیال رکھیں۔

متعلقہ عنوان :