کوئٹہ کی سیشن عدالت نے جسٹس نواز مری کے قتل کیس میں گزین مری کی ضمانت منظور کرلی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 ستمبر 2017 15:09

کوئٹہ کی سیشن عدالت نے جسٹس نواز مری کے قتل کیس میں گزین مری کی ضمانت ..
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 ستمبر۔2017ء) کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے جسٹس نواز مری کے قتل کیس میں بلوچ قوم پرست راہنما نواب خیر بخش مری(مرحوم) کے صاحبزادے نوابزادہ گزین مری کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔نوابزادہ گزین مری 15 سال سے زائد خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے گذشتہ ہفتے دبئی سے وطن واپس لوٹے تھے، جہاں کوئٹہ ایئرپورٹ پر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راشد محمود نے گزین مری کی سینئر جج جسٹس نواز مری کے قتل کیس میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔یاد رہے کہ ہفتہ 23 ستمبر کو گزین مری کو ضلع کوہلو کے لیویز اسٹیشن میں ہونے والے بارودی سرنگ دھماکا کیس میں 5 روزہ ریمانڈ پر لیویز کے حوالے کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس نواز مری کو 7 جنوری 2000 کو کوئٹہ کے زرغون روڈ کے علاقے میں قتل کردیا گیا تھا، جس کے الزام میں گزین مری، حربیار مری اور دیگر کو نامزد کیا گیا تھا، جبکہ گزین مری کے والد نواب خیر بخش مری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، لیکن بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

تاہم لیویز نے گزین مری کا ریمانڈ ضلع کوہلو کی تحصیل میوند میں 28 جون 2004 کو لیویز اسٹیشن پر ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے کے کیس میں حاصل کیا، جس میں گزین مری کے خلاف قتل اور دہشت گردی کی دفعات عائد کی گئی تھیں، اس واقعے میں عام شہری جاں بحق ہوئے تھے۔گزین مری 90 کی دہائی میں بلوچستان کے وزیرداخلہ کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :