اقوام متحدہ میں دنیا کے بڑے ایشو مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے فوری بحث کرائی جائے‘ چوہدری یاسین

پیر 25 ستمبر 2017 15:52

کیتھلنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے اپوزیشن لیڈر چودھری محمد یٰسین نے کہاہے کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر وزور ڈالے کہ وہ کشمیر کی صورتحال پر فوری بحث کرے اور اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کا طریقہ وضع کرے۔ وہ آج یہاں کیتھلے کے ٹاون مئیرکونسلر ناظم اعظم کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر سابق لارڈ مئیر خادم حسین،کونسلر ظفر علی،الحاج شوکت میرپوری،الحاج ظفر اقبال جماعتی،الحاج علی اکبر نے بھی خطاب کیا۔ چودھری محمدیٰسین نے کہا کہ اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاس میں دنیا کے بڑے مسئلے مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے فوری بحث کرے ، اور وہاں پر استصواب رائے کروانے کیلئے ٹائم فریم طے کرے، حکومت پاکستان اس سلسلہ میں سلامتی کونسل کے مستقل اراکین سے رابطہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت از خود 1948ء میں مسئلہ کشمیر پر قرارداداقوام متحدہ میں لے کرگیاتھا، اس قراردادمیں وعدہ کیاگیاتھا کہ کشمیری عوام کو استصواب رائے دلوایاجائے گا۔ لیکن بعد ازاں بھارتی حکومت اپنی اس قراردادسے لعت ولعل کرنے لگا ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل اراکین مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے حصول کیلئے پرعزم ہیں ، انہوں نے بھارت اور عالمی برادری پر ثابت کردیا کہ وہ قابض افواج کے تمام ترجابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔

ان کے حوصلے بلند ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں پاکستانی پرچم لہرا کر بھارت کو یہ پیغام دیاجارہا ہے کہ وہ کشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ ختم کرے ، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ70سالوں سے اپنی آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ، اور وہ وقت دورنہیں جب کشمیری عوام آزادی کی دولت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر آئے روز قابض بھارتی افواج بلا اشتعال فائرنگ کر کے نہتے کشمیریوں کو شہید کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی انتہا پسندی خود بھارت کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے برطانوی عوام اور برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی حکومت پر زورڈالیں ، یہ مسئلہ برطانیہ کا پیداکردہ تھا اور برطانیہ کی حکومت ہی اس مسئلے کو حل کروائے، انہوں نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کام کررہے ہیں ان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ اس موقع پر مقررین نے چودھری محمدیٰسین کا اقوام متحدہ کے باہر کامیاب مظاہرہ کرنے پر ان کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ چودھری محمدیٰسین اپنی تمام تر توانائیاں مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں صرف کررہے ہیں۔