سندھ میں صوبائی حکومت کے کام وفاق کررہا ہے، گورنر سندھ

پیر 25 ستمبر 2017 14:54

سندھ میں صوبائی حکومت کے کام وفاق کررہا ہے، گورنر سندھ
جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبے میں جو کام صوبائی حکومت کا ہے وہ وفاقی حکومت کررہی ہے، وزیراعظم نے سندھ کے 3 شہروں کے لیے ہیلتھ کارڈزکی اسکیم شروع کی،کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے،عوام الیکشن میں درست فیصلہ کریں۔

(جاری ہے)

پیر کو جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کے 3 شہروں کے لیے ہیلتھ کارڈزکی اسکیم شروع کی، جو کام صوبائی حکومت کا ہے وہ وفاقی حکومت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ملک میں امن کا قیام ہے،2013 میں جب وفاقی حکومت آئی تو ہر جگہ دھماکے ہوتے تھے لیکن اب امن قائم ہوچکا ہے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے اور امن امان کی ہی بحالی کے باعث سرمایہ کار کراچی کا رخ کررہے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا ملک کی ترقی کے خلاف سازش ہورہی ہے، ترقی کا نظام بہترکرنا ہے توعوام الیکشن میں درست فیصلہ کریں۔