دھان کی پیسٹ سکائوٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت

پیر 25 ستمبر 2017 14:37

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) دھان کی فصل کے پتوں پر بھورے دھبوں کی بیماری، پتوں کے جراثیمی جھلسائو، دھان کے بھبھکا یا بلاسٹ، دھان کی بکائنی اور تنے کی سڑن سے بچائو کیلئے کاشتکاروں کو پیسٹ سکائوٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ وہ دھان کی فصل کو سنڈیوں اور مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے کسی غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ان بیماریوں کا حملہ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتاہے۔

ایک ملاقات کے دوران ماہرین زراعت نے بتایاکہ دھان کا بھبھکا ان کھیتوں میں زیادہ ہوتا ہے جہاں پانی کھڑا نہیں رہ سکتا لہٰذا ایسے کھیتوں میں گوبھ سے لے کر مونجر نکلنے کے دو ہفتے بعد تک سوکا نہ لگنے د یں بلکہ کوشش کریںکہ کھیت گارہ کی حالت میں ر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ پتوں پر بھبھکا کی علامات ظاہر ہونے پر زرعی ماہرین کے مشورہ سے موزوں پھپھوندی کش زہر کا سپرے کریں اور 15دن کے وقفہ سے ضرورت کے مطابق دوبارہ سپرے کریں ۔

انہوںنے بتایاکہ 1کلوگرام نیلا تھوتھا، 1کلوگرام اًن بجھا چونا اور 120لیٹر پانی کا بورڈ مکسچر بھی سپرے کیاجاسکتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ پوٹاش کا استعمال بیماری کے خلاف قوت مدافعت بڑھاتا ہے نیز دھان کے جراثیمی جھلسائو سے بچائو کیلئے بیماری والے کھیت سے تندرست کھیت کو پانی نہ دیا جائے تاکہ بیماری کو پھیلنے سے بچایا جاسکے۔