سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری رپورٹ فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کل ک ملتوی

پنجاب حکومت نے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف دو رکنی بینچ سے رجوع کر رکھا ہے ،فیصلے تک وقت دیا جائے‘سرکاری وکیل

پیر 25 ستمبر 2017 14:26

سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری رپورٹ فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری رپورٹ فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کل ( منگل ) تک ملتوی کردی ۔لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے درخواست پر سماعت کی ۔پاکستان عوامی تحریک کی درخواست میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ، ہوم سیکرٹری اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیاہے۔

درخواست گزار آصف اقبال نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ فوری طور پر شائع کرنے کا حکم دیا تھا مگر پنجاب حکومت کی جانب سے جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ فراہم نہیں کی جارہی ہے۔وزیراعلی پنجاب کے دبا پر لواحقین کو رپورٹ فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ فراہم نہ کرنا آئین کے آرٹیکل دو سو چار کے تحت واضح طور پر توہین عدالت ہے۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب ،چیف سیکرٹری ،صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ اور ہوم سیکرٹری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف دو رکنی بینچ سے رجوع کر رکھا ہے ، کیس سے متعلق درخواست زیر سماعت ہے لہٰذا فیصلے تک وقت دیا جائے۔جس پر عدالت نے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :