گاڑی چوری کے الزام میں گرفتار جوان پرپولیس کے تشدد کا نوٹس،

ایس ایچ او ڈونگا گلی سمیت 6 پولیس اہلکارمعطل،محکمانہ تحقیقات شروع کر دی گئیں

پیر 25 ستمبر 2017 14:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے گاڑی چوری کے الزام میں گرفتار نگری بالا کے رہائشی جوان پر ڈونگا گلی پولیس کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ڈونگا گلی اور محرر سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات شروع کر دی، تھانہ بگنوتر میں تعینات ایڈیسنل ایس ایچ او کو ایس ایچ او تھانہ ڈونگا گلی تعینات کر دیا گیا۔

نگری بالا کے رہائشی شاہنواز نے نواں شہر کے رہائشی عباس خان سے گاڑی رینٹ پر لی جو چوری ہو گئی۔ ڈونگا گلی پولیس نے شاہنواز کو دوران حراست بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ شاہنواز زخمی حالت میں کنگ عبدالله ہسپتال مانسہرہ میں زیر علاج رہا، تشدد کی نشاندہی پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے ایس ایچ او ڈونگا گلی محمد نصیر، محرر تھانہ ڈونگا گلی خرم سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ تھانہ بگنوتر میں تعینات ایڈیشنل ایس ایچ او نادر خان کو ایس ایچ او تھانہ ڈونگا گلی تعینات کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے تشدد کے ذمہ دار پولیس آفیسرز کے خلاف صرف معطل کرنے کے فیصلہ کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ پولیس آفیسر کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں سخت سزا دی جائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما ہونے سے بچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :