ٹریفک انچارج ایبٹ آباد کی نااہلی، شاہراہ ریشم پر بدترین ٹریفک جام رہنے لگی

پیر 25 ستمبر 2017 14:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) ٹریفک انچارج ایبٹ آباد کی ناقص حکمت عملی کے باعث شاہراہ ریشم پر بدترین ٹریفک جام رہی۔ غیر قانونی منی اڈے بھی ٹریفک جام کا سبب بننے لگے، ٹریفک پولیس اہلکار مکمل طور پر بے بس ہو گئے۔ ٹریفک پولیس کے افسران کی غلط پلاننگ کی وجہ سے عوام دوہری مصیبت میں مبتلا ہو گئے ہیں، جدون پلازہ فیز II کا یوٹرن کی بندش سے سکول کے طلباء و طالبات ہمیشہ اپنے سکولوں کو دیر سے پہنچتے ہیں، جناح آباد سے آنے والوں کو ڈرائیور اڈہ کے یوٹرن پر جانا پڑتا ہے جس پر پہلے بھی اتنا رش ہے، اوپر سے فیز II یو ٹرن کی بھی تمام ٹریفک کو وہاں جانا پڑتا ہے، ایک یوٹرن سوئی گیس کے قریب ہے اور تیسرا یوٹرن سیٹھی مسجد کے قریب ہے جس کا ٹریفک پلان بھی عجیب ہے، یوٹرن اس سے بہتر تھا، عوام اس ٹریفک پلاننگ سے مزید مشکلات سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

کالج روڈ منڈیاں میں غیر قانونی منی اڈوں کے حوالہ سے متعدد مرتبہ ٹریفک انچارج کو آگاہ کیا گیا مگر ٹریفک انچارج نے نوٹس نہ لیا۔ کالج روڈ منڈیاں کے مقام پر پختہ تجاوزات کینٹ بورڈ ایبٹ آباد کے انکروچمنٹ سکواڈ کی بھتہ خوری کا ذریعہ بن گئی ہیں۔ ریڑھی بانوں سے بھی باقاعدہ منتھلی وصول کی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی ہزارہ رینج اور ڈی پی او ایبٹ آباد اور اے ایس پی ٹریفک انچارج سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کیلئے یوٹرن پر ٹریفک اہلکار کو تعینات کریں تاکہ وہ ٹریفک کو بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، دوسرا فیز II جدون کا یوٹرن دوبارہ کھولا جائے تاکہ طلباء و طالبات اپنے سکولوں میں بروقت حاضری دے سکیں۔

دوسرا سیٹھی مسجد کے قریب یوٹرن پر دوبارہ نظر ثانی کر کے اسکو دوبارہ یوٹرن کی شکل میں کیا جائے، ایبٹ آباد پولیس اور ٹریفک انتظامیہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے انجام دیتے ہوئے شاہراہ ریشم پر بند یوٹرنز کو کھولا جائے، شاہراہ ریشم لاکھوں گاڑیاں روزانہ اس سڑک سے گذرتی ہے، عوامی نمائندے فنڈز فراہم کر کے اس سڑک کو کشادہ کرنے کے عملی اقدام کو پیش کرتے ہوئے ٹریفک کو بحال کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ ٹریفک پولیس نے کاغان مری جانے والے سیاحوں کی ٹریفک کا مسئلہ جس طرح حل کر کے عوام سے داد حاصل حاصل کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :