ترک حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر تعلیم کے بہت سے شعبوں میں کام کر رہی ہے، ترک سفیر کا تقریب سے خطاب

پیر 25 ستمبر 2017 13:56

ترک حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر تعلیم کے بہت سے شعبوں میں کام کر رہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) ترک سفارتخانے کے ایجوکیشنل قونصلر جوداد ارسلان نے کہا ہے کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے‘ ترکی بھی اسی تعلیمی اصلاحات کے عمل سے گذر کر آج ایک اچھے تعلیمی نظام سے نئی نسل کو تعلیم اور تربیت فراہم کر رہا ہے‘ ترک حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر تعلیم کے بہت سے شعبوں میں کام کر رہی ہے۔

وہ گذشتہ روزمازن سکول سسٹم (ترکش سٹیٹنڈرڈ) کے زیراہتمام طلباء و طالبات کے والدین کے لئے اورینٹیشن سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ مازن سکول سسٹم ترکی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتحے اکسوئے ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک اظہر محمود ‘چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز الطاف بٹ ‘ ڈائریکٹر اکیڈمک سلیم شیخ ‘ ڈائریکٹر ایچ آر فیصل پراچہ ‘مشتاق احمد سمیت‘مازن سکول سسٹم کے ریسرچ اینڈ ڈویلمپنٹ شعبہ کے حکام‘ طلباء و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران طلباء و طالبات اور بچوں کے لئے مازن سکول سسٹم کے نظام تعلیم ‘تربیت اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر مازن سکول سسٹم ملک اظہر محمود نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں ترکش معیار کے حامل مازن سکول سسٹم نے پہلے مرحلے میں ای الیون ‘ ہارے سٹریٹ اور پی ڈبلیو ڈی میں اپنی شاخیں کھولیں ہیں ‘دوسرے مرحلے میں رینج روڈ راولپنڈی‘ ویسٹریج اوراسلام آباد کے دیگر مقامات پر بھی سکول کی شاخیں کھول کر راولپنڈی اسلام آباد کی نئی نسل کو ترکش معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے گی۔

ترکی سفارتخانے کے ایجوکیشنل قونصلر ارسلان جوڑے نے راولپنڈی اسلام آباد میں ترکش معیار کے مازن سکول سسٹم کی ابتدائی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو نظام تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے مزید کام کی ضرورت ہے ‘ترکی کی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ایک اچھی اور معیاری تعلیم دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے بھی ترک معیار تعلیم کی فراہمی ایک اچھا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد علم اور تربیت پر محیط ہوتی ہے‘یہ بھی خوش آئند بات ہے کہ مازن سکول سسٹم میں تعلیم اور تربیت دونوں فراہم کی جارہی ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر مازن سکول سسٹم ترکی فاتحے اکسوئے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے پاکستانی شراکتدار کے ساتھ مل کر راولپنڈی اسلام آباد میں ترک معیار کی تعلیم فراہم کرنے والے تعلیمی ادارے متعارف کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی حکومت تعلیم کے شعبے میں عالمی معیار اور ضروریات کے عین مطابق ہے ‘پاکستان میں بھی ایساہی معیار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف کلچر سے مطابقت رکھنے والا تعلیمی نظام مختلف ادوار میں متعارف کرایا جاتا رہا ‘ترکی اور پاکستان کا کلچر جس میں بہت سے قدریں مشترک ہیں تو اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترکش معیار کے یہ تعلیمی ادارے قائم کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :