امریکا نے شمالی کوریا، چاڈ اور وینزویلا کے شہریوں پربھی سفری پابندیاں عائدکردیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 ستمبر 2017 13:04

امریکا نے شمالی کوریا، چاڈ اور وینزویلا کے شہریوں پربھی سفری پابندیاں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 ستمبر۔2017ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیا سفری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے شمالی کوریا، چاڈ اور وینزویلا کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی جبکہ سوڈان کا نام سفری پابندی کی موجودہ فہرست سے خارج کردیاگیا ہے۔امریکا کی جانب سے نئی پابندیاں گذشتہ 90روزہ سفری پابندی کی میعاد ختم ہونے کے بعد عائد کی گئی ہیں تاہم وائٹ ہاﺅس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکا کو کسی بھی دہشت گرد حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے غیر ملکیوں کے امریکا میں داخلے کے لیے سیکورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم گذشتہ حکومت کی ناکام پالیسی جاری رکھنے کے متحمل نہیں ہیں جس کی وجہ سے ملک کو ناقابلِ قبول خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور نئی سفری پابندی جاری کرتے ہوئے انہوں نے اپنی قومی ذمہ داری پوری کی۔

یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے متنازع ایگزیکٹو حکم نامہ رواں سال جنوری میں جاری کیا تھا، جس کے ذریعے 7 مسلم اکثریتی ممالک کے تارکین وطن اور ویزا ہولڈرز پر امریکا میں داخلے پر 90 روز کی پابندی لگائی گئی تھی۔بعد ازاں حکم نامے میں نظرثانی کرتے ہوئے اس میں سے عراق کے نام کو خارج کردیا گیا تھا، جبکہ ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کے لیے اس پابندی کو برقرار رکھا گیا تھا۔

تاہم نئی سفری پابندی کے تحت شمالی کوریا اور افریقی ملک چاڈ پر مکمل جبکہ جنوبی افریقی ملک وینزویلا پر جزوی پابندی عائد کی گئی ہے جس کے بعد ان ممالک کے شہری بھی امریکا میں داخلے کے اہل نہیں ہوں گے۔نئی سفری پابندی کے حکم نامے کے مطابق شمال مشرقی افریقی ملک سوڈان کا نام گذشتہ حکم نامے سے خارج کردیا گیا ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سوڈان پر ایک دہائی قبل عائد پابندی پر رواں برس اکتوبر میں نظر ثانی کی جائے گی تاہم اس سے قبل ہی سوڈان نے دہشت گردی کے خلاف مو¿ثر اقدامات کیے ہیں۔

امریکی حکام کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور وینزویلا کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر عائد کی جانے والی پابندی سے ظاہر ہے کہ یہ سفری پابندی صرف مسلم ممالک پر نہیں ہے بلکہ اس پابندی کا مقصد امریکی عوام کا تحفظ ہے۔