Live Updates

عمران خان الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کیس کے لیے پیش ہونے سے گریزاں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 ستمبر 2017 12:56

عمران خان الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کیس کے لیے پیش ہونے سے گریزاں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 ستمبر۔2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرادیا گیا ہے تاہم وہ ایک مرتبہ پھر خود پیش نہیں ہوئے۔الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بھی الیکشن کمیشن میں موجود تھے جبکہ عمران خان ایک مرتبہ پھر کمیشن میں پیش نہیں ہوئے اور ان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔اسی کیس کی 14 ستمبر کو ہونے والی گذشتہ کی سماعت میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 25 ستمبر کو خود پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

25 ستمبر کو ہونے والی مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرایا۔اس کے علاوہ بابر اعوان نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطلی سے متعلق ہائی کورٹ کا حکم بھی پیش کیا۔بابر اعوان نے کمیشن کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فل بینچ کل الیکشن کمیشن کے توہین عدالت کے اختیار سے متعلق سماعت کرے گا۔

جس پر چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ نے جواب جمع کرادیا اب بحث کی کیا ضرورت ہے، ہم نے آپ کو 3 سال سے وقت دیا ہوا ہے۔بابر اعوان نے اپنے جواب میں کہا کہ عمران خان کے وکیل نے توہین آمیز الفاظ پر مبنی جواب واپس لے لیا تھا اور وکیل نے عمران خان کی جانب سے ہی جمع کرایا گیا جواب واپس لیا تھا۔انہوں نے کہاکہ جب الفاظ واپس لے لیے گئے تو معاملہ ختم ہوگیا۔

جس پر رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ وکیل نے تو الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگی تھی، جواب میں بابر اعوان نے کہا کہ وکیل نے میرے موکل کی جانب سے ہی معافی مانگی تھی۔بابر اعوان نے کمیشن سے استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے اور عمران خان کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس بھی ختم کیا جائے۔اس موقع پر اکبرایس بابر کے وکیل کی عمران خان کے خلاف شوکاز نوٹس واپس لینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن سے معافی کا ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا۔

جس کے بعد کمیشن نے توہین عدالت کیس میں محفوظ فیصلے سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جواب کا 27 ستمبر کو جائزہ لیا جائے گا اور تحریک انصاف کے چیئرمین کے جواب کا جائزہ لیکر فیصلہ سنایا جائے گا۔تاہم ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی جانب سے متفرق درخواست پر بھی عمران خان کو 27 ستمبر کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات