حادثات سے بچاو کے لیے ابو ظہبی کی سڑکوں پر 17نئے ریڈار نصب کر دئیے گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 25 ستمبر 2017 12:10

حادثات سے بچاو کے لیے ابو ظہبی کی سڑکوں پر 17نئے ریڈار نصب کر دئیے گئے
ابو ظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 25ستمبر 2017ء ):ابو ظہبی پولیس نے سڑکی حفاظت اور حادثات سے بچاؤ کے لیے شاہراہوں پر مزید 17سپیڈ ریڈار نصب کر دئیے ۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور حادثات سے بچاؤ کے پیش نظر 17نئے سپیڈ ریڈارز ابو ظہبی کی سڑکوں پر نصب کر دئیے ۔17نئے ریڈار غبت الملاح روڈ سے الشوش روڈ اور شیخ السدیری ٹنل سے الفاقا انٹرسیکشن کے بیچ لگائے گئے ہیں ۔

ابو ظہبی پولیس کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی سے چلنے والے یہ ریڈار26ستمبر بروز بدھ سے کام کرنا شروع کر دیں گے ۔اس حوالے سے ابوظہبی پولیس کے مرکزی آپریشنز کے ڈائریکٹر برگیڈئیر جنرل علی خلفان کا کہنا تھا کہ نئے ریڈارز کی تنصیب اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ہم سڑکی حفاظت اور حادثات سے بچاؤ کی تدابیر کو بہتر بنا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ ریڈارز کی تنصیب ان علاقوں میں کی جا رہی ہے جہاں حادثات اور قوانین کی خلاف ورزی کی شرح زیادہ ہے ۔

ریڈارز حد رفتار اور لین کی خلاف ورزی سمیت اوور ٹیکنگ پر بھی نظر رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔بڑی گاڑیوں کے لیے 80کلومیٹر جبکہ چھوٹی گاڑیوں کے لیے 100کلو میٹر فی گھنٹہ حد رفتار مقرر کی گئی ہے۔ان ریڈارز کی تنصیب کا مقصد ڈرائیورز کو حد رفتار اور ٹریفک قوانین کے احترام کی ترغیب دلانا ہے ۔